معروف کلاسیکل گائیک استاد غلام حید رخان (فخر موسیقی ) انتقال کرگئے

علم موسیقی پر دسترس کی وجہ سے پاکستان اور بھارت میں یکساں مقبول تھے

مہدی حسن ،نورجہاں ،ریشماں ،غلام علی ،ظفرعلی جیسے گلوکاروں کی رہنمائی کی

ریڈیو ٹی وی پر 50 سال سے زائد خدمات انجام دیں ،موسیقی پر6 مستند کتابیں لکھیں

لاہور (شوبزرپورٹر) کلاسیکل موسیقی کے نامور گائیک ،کمپوزراستاد غلام حیدر خان(فخر موسیقی) انتقال کرگئے۔ ان کی عمر پچاسی برس تھی ۔ استاد غلام حیدرخان طویل عرصے سے علالت کا شکار تھے ۔گزشتہ روز طبعیت زیادہ خراب ہونے کے باعث ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ استاد غلام حید رخان مشہور کلارنٹ نواز استاد صاد ق علی خان مانڈو کے بیٹے تھے ۔ فیصل آبا دمیں نصرت فتح علی خان قوال کے والد استاد فتح علی خان سے موسیقی کی تربیت حاصل کی ۔ بطورمیوزیشن کیرئیر کا آغا زکیا لیکن اپنی خدادادصلاحیتوں اور کلاسیکل گائیکی پر تحقیق کی وجہ سے پاکستان اور بھارت میں یکساں طورپر موسیقی کے سکالر کے طورپر جانے جاتے تھے ۔ استاد غلام حیدر خان نے فن موسیقی کے بارے نصف درجن سے زائد کتابیں تحریر کیں جن کو پاکستان کے ساتھ بھارت میں بھی مستند قراردیا جاتا ہے ۔ ریڈیو پاکستان پر پچاس سال سے زائد خدمات انجام دیں ۔مہدی حسن ،نورجہاں ،غلام علی ،ریشماں ،ترنم ناز،نصرت فتح علی ،انوررفیع،مہناز، ظفرعلی ،شوکت علی ،پرویز مہدی ،جیسے گلوکاروں کی ناصرف رہنمائی کی بلکہ ان کے لئے سینکٹروں دھنیں بھی ترتیب دیں ۔ مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ، تین بیٹے اور چھ بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ فن موسیقی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔

شیئرکریں