کوک سٹوڈیو کی نئی قسط گزشتہ روز ریلیز کر دی گئی ہے جس میں گلوکارہ سحر گل خان کے نئے گیت نے دھوم مچا دی ہے۔

کوک سٹوڈیو کی اس قسط میں سحر گل خان کا گیت “عشق دا ککڑ” بھی شامل ہے جسے انہوں نے ایک بالکل منفدر انداز سے گایا ہے جب کہ عاصم رضا نے شاعری کے ساتھ ساتھ کمپوزیشن بھی بہت خوبصورت بنائی ہے یہی وجہ ہے کہ یہ گانا ریلیز ہوتے ہی شائقین کو پسند آگیا ہے جس کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔صرف ایک دن میں اس گانے کو تین لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

یاد رہے کہ سحر گل خان اور عاصم رضا کے اشتراک سے پاکستان میوزک انڈسٹری کو “بول کفارہ کیا ہوگا” جیسا مقبول ترین گانا ملا ہے جس نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے تھے جب کہ اب ان کا نیا گانا بھی تیزی سے مقبولیت کے زینے طے کررہا ہے۔اس بارے میں سحر گل خان کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے میں  لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جنہوں نے ایک مرتبہ پھر مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے اور عاصم رضا نے ماضی میں “بول کفارہ” پر بہت محنت کی تھی  جس کا رزلٹ بھی سب کے سامنے ہے لیکن اس بار ہمیں پہلے کی نسبت  زیادہ محنت کرنا پڑی کیونکہ لوگوں نے مجھ سے بہت توقعات وابستہ کی ہوئی تھیں۔سحرگل خان نے مزید کہا کہ میں عاصم رضا سمیت کوک سٹوڈیو کی پوری ٹیم کی بہت مشکور ہوں جن کی وجہ سے”عشق دا ککڑ”  جیسا بہترین گیت گانے کا موقع ملا۔سحر گل خان کا اس بارے میں مزید کہنا ہے کہ سینئر فنکاروں کی موجودگی میں اس گانے کی مقبولیت نے میری ذمہ داریوں میں اضافہ کردیا ہے جس کے لئے مجھے مستقبل میں مزید محنت کرنا ہوگی۔

شیئرکریں