سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی انتقال کر گئے

سینئر سیاستدان کئی روز سے شدید علیل تھے، دل کا دورہ پڑنے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، وینٹی لیٹر پر زیر علاج تھے

سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ایک اور نامور و سینئر سیاستدان سے محروم ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے واحد سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی انتقال کر گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سینئر سیاستدان کئی روز سے شدید علیل تھے، ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر زیر علاج تھے۔
انہیں کچھ روز قبل دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال میں حالت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا۔ کچھ روز قبل بھی ان کے انتقال کی خبر سامنے آئی تھی جو غلط ثابت ہوئی۔ تاہم اب سابق وزیر اعظم کے انتقال کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
میر ظفر اللہ خان جمالی یکم جنوری 1944 میں بلوچستان کے علاقے روجھان جمالی میں پیدا ہوا، ابتدائی تعلیم آبائی علاقے سے حاصل کی، بعد ازاں لاہور کے گورنمنٹ کالج سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔

تعلیم کے حصول کے بعد سیاست میں حصہ لیا اور 2 مرتبہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ بنے۔ پرویز مشرف کے دوران میں انہیں پاکستان کا وزیراعظم بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ وہ پہلے بلوچی سیاستدان تھے جو ملک کے وزیراعظم بنے۔ مشرف دور کے بعد میر ظفر اللہ خان جمالی ن لیگ میں شامل ہوئے اور پھر 2018 میں تحریک انصاف میں بھی شامل ہوئے۔ سینئر سیاستدان کئی مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور سینیٹر منتخب ہونے میں کامیاب رہے۔ سابق وزیراعظم کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف سمیت ملک کی تمام سیاسی قیادت کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے۔

شیئرکریں