ابرار الحق نے کورونا سے متاثرہ میڈیا ورکرز کے لئے پیکج کا اعلان کر دیا

چیئرمین ہلال احمر پاکستان نے ملک بھر میں کرونا سے متاثر ہونے والے صحافیوں کیلئے امداد اور فوڈ پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں صحافیوں نے بھی فرنٹ لائن پر فرائض انجام دیتے ہوئے کرونا وبا کا مقابلہ کیا ہے۔کئی صحافی اس وبا کا شکار ہوکر وفات بھی پا گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ابرار الحق نے ہلال احمر پاکستان کے سیکرٹری جنرل خالد بن مجید کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ابرار الحق کا کہنا تھا کہ کرونا کی وجہ سے جہاں معیشت تباہ ہوئی ہے وہیں پر میڈیا انڈسٹری کو بھی نقصان پہنچا ہے دیہاڑی دار اور مزدور طبقہ بھی پریشانی کا شکار ہے۔ہم ان حالات میں صحافیوں،مزدوروں،پیرا میڈکس سٹاف،مستحق فنکاروں اوردیہاڑی دار طبقہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔میڈیا سے وابستہ افراد کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ کرونا کی وبا کے دوران ہلال احمر نے بھی حکومت کے شانہ بشانہ کام کیا ہے اور راولپنڈی میں 18دن کے ریکارڈ مدت میں کرونا کیئر اسپتال قائم کیا ہے۔اسپتال میں تمام طبی سہولتوں کے ساتھ 120بیڈز اور 15وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔غریب افراد کیلئے کھانے کی سہولت بھی ہے اس سلسلے میں ہمیں مخیر حضرات کی معاونت بھی حاصل ہے۔ہماری مہم کو کامیاب بنانے میں ریڈ کریسنٹ محافظ فورس کا بھی انتہائی نمایاں کردار ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خالد بن مجید کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں نے انڈس اسپتال کے ساتھ اشتراک کرکے کرونا ٹیسٹ کے 70مراکز قائم کئے ہیں جہاں پر مستحق افراد مفت ٹیسٹ کروا سکتے ہیں۔ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر میں ہیلپ لائن1030کے ذریعے آگاہی مہم کی مسلسل تشہیر کی جا رہی ہے۔ہم لوگ ملک بھر میں فرائض انجام دینے میں مصروف ہیں۔میڈیا کے تعاون سے مستحق گھروں کی خدمت کا سفر جاری رکھا جائے گا۔پریس کانفرنس کے اختتام پر میڈیا کے نمائندوں میں ن ہائیجین کٹس بھی تقسیم کی گئیں۔

شیئرکریں