سیکرٹری انفارمیشن پنجاب راجہ جہانگیر انور کا 16ویں الحمراء ینگ آرٹسٹ نمائش کا دورہ

موجودہ حالات میں الحمراء کا آن لائن نمائش کا انعقاد قابل تحسین ہے۔سیکرٹری انفارمیشن پنجاب

الحمراء فن وثقافت کے فروغ اورنوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں نکھارنے کے بھرپور مواقعے فراہم کررہا ہے۔راجہ جہانگیر انور

ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء ثمن رائے نے سیکرٹری انفارمیشن راجہ جہانگیر انور کو پینٹنگ کا تحفہ دیا۔

سیکرٹری اطلاعات وثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور نے لاہورآرٹس کونسل میں جاری 16ویں الحمراء ینگ آرٹسٹ نمائش کا دورہ کیا۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء ثمن رائے نے انہیں نمائش میں آویزاں فن پارے دیکھائے جس میں راجہ جہانگیر انور نے بے حد دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن اینڈکلچر پنجاب راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ پاکستانی نوجوان آرٹسٹ بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہے،ان کے ٹیلنٹ کو جلا بخشنے کیلئے الحمراء کا پلٹ فارم بے حد فعال اور متحرک ہے، الحمراء کی اس کاوش کے سبب نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔انھوں نے موجودہ دور میں آن لائن کامیاب نمائش کے انعقاد پر ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء ثمن رائے ودیگر انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ایگزیکٹوڈائریکٹرالحمراء ثمن رائے نے کہا کہ پنجاب بھر کے ثقافتی اداروں کو فعال کرنے میں سیکرٹری اطلاعات وثقافت کا اہم کردار ہے،ان کی حوصلہ افزائی کے مرہون منت اس نمائش کا انعقاد ممکن ہوا۔الحمراء اپنے آرٹسٹوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کررہا ہے،نمائش میں 300لڑکیوں جبکہ120لڑکوں کے کام کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ آرٹ گیلری میں آزادکشمیر،گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے 420نوجوان آرٹسٹوں کے 500فن پارے آویزاں کئے گئے ہیں جن کا ورچوئل ٹور الحمراء کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ اس تقریب میں ڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچر ذوالفقار علی زلفی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن خرم نویل،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فن آرٹ منیٰ ہارون ودیگرافسران بھی شریک تھے۔

شیئرکریں