اس فیصلے اور اعلان نے مایوسی میں ڈوبے ہوئے اداکاروں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔ایم ریاض شوکی
اس بجٹ میں غریب آرٹسٹوں کا خیال رکھنے پر صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے مشکور ہیں۔نسیم وکی
جٹ 2020-2021 میں آرٹسٹ فنڈ 25 کروڑ سے بڑھا کر ایک ارب کرنے کے فیصلے پر فنکاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی،اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے فنکاروں نے کہاکہ ہم سب فنکاروں کی طرف سے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔اداکار نسیم وکی نے کہاکہ اس بجٹ میں غریب آرٹسٹوں کا خیال رکھنے پر صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے مشکور ہیں جنہوں نے آرٹسٹوں کے مسائل کو سمجھا اور ان کا فنڈبڑھایا۔اداکار ایم ریاض شوکی نے کہاکہ اس فیصلے اور اعلان نے مایوسی میں ڈوبے ہوئے اداکاروں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔میری دلی دعاہے کہ حکومت کے ان اقدامات پر فنکاروں کی مالی امداد ہو تاکہ وہ بھوک اور بیماری کا شکار نہ بن سکیں۔اداکار و کامیڈین غفار لہری نے کہاکہ اس وقت ملکی حالات اور موذی وباء کی وجہ سے فنکار بیروزگار ہو کر گھروں میں بیٹھ گئے ہیں ایسے میں حکومت کی طرف سے آرٹسٹ فنڈ بڑھانا تازہ ہوا کا جھونکاہے۔اداکار عمران شوکی نے کہاکہ حکومت نے بروقت یہ فیصلہ کرکے فنکاروں کو خودکشیوں سے بچالیاہے دعاہے کہ یہ فنڈ آرٹسٹوں میں جلد سے جلد تقسیم ہو تاکہ ان کے مالی مسائل حل ہوسکیں۔اداکار گلفام نے کہاکہ حکومت کے اس اعلان نے فنکاروں کے مردہ جسم میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔حکومت کی طرف سے اس اعلان پر شوبز سے وابستہ افراد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ حکومت کا دانشمندانہ فیصلہ ہے جس سے بہت سارے بیروزگار آرٹسٹوں کی ہر ماہ مالی مدد ہو سکے گی اور وہ کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلا سکیں گے۔