الحمراء میں کورڈ۔19کے پیش نظرکلچر کے آن لائن فروغ کا آغاز

ثقافتی حسن کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے آن لائن اجاگرکیا جا رہا ہے۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء

ہمارا کلچر خوبصورت زندگی کا گلدستہ ہے،اسکے رنگ برنگے پھولوں کی بھرپور نشوونما کی جائے گی۔ثمن رائے

ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء نے سٹوڈیو،آرکائیوز،لابریئری،ادبی بیٹھک،الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کا بھی دورہ کیا اور تمام شعبوں کو جدت سے ہم کنار کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء ثمن رائے نے کہا ہے کہ کورڈ۔19کی صورتحال کے مدنظر میوزک،آرٹ مصوری اور فنون لطیفہ کے آن لائن فروغ کیلئے پالیسی پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے،فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کو اپنے فن کے اظہار کابھرپور موقع دیا جائے گا،تمام ادبی وثقافتی اداروں کے ساتھ خوبصورت مراسم کی فضاء قائم کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے کلچر کے آن لائن فروغ کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ کلچر ہر فرد کی زندگی کا حصہ ہے،ہماری کا وشیں معاشرہ کو خوبصورت بنانے میں معاون ثابت ہونگی،پاکستانی کلچر میں جو تنوع ہے اسے دنیا بھر کے لوگوں کے سامنے پیش کرنے کے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے،پاکستانی ادیبوں،شاعروں،فنکاروں مصوروں،آرٹسٹوں نے اپنے ادب وثقافت کی بے پناہ آبیاری کی،جسے نئی نسل تک پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔انھوں نے الحمراء کے تمام شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے مربوط اور منظم کاوشوں کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوششوں کے اثرات نچلی سطح پر منتقل ہونگے تو ہی معاشرے میں حسن پیدا ہوگا۔ ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء ثمن رائے نے الحمراء سٹوڈیو،الحمراء آرکائیوز،ادبی بیٹھک،الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ، ورکشاپ،آرٹ گیلری،ہالز ودیگر شعبوں کا دورہ بھی کیااور تمام شعبوں کو جدت سے ہم کنار کرنے کی ہدایات جاری کیں۔الحمرا کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن آفتاب احمد انصاری،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن خرم نویل،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فن آرٹ منی ٰ ہارون،ودیگر ا فسران بھی انکے ہمراہ تھے۔

شیئرکریں