پی ٹی وی لاہورسے عید الفطر کے رنگا رنگ پروگرام،  دھوم مچانے کو تیار

 تینوں دن کی خصوصی ٹرانسمیشن میں ناظرین کی اپنے من پسند اداکاروں سے ہوگی ملاقات

مزاحیہ مشاعرے کرینگے قہقہوں کی برسات، گیلیکسی نائٹ میں اترے گی ستاروں کی کہکشاں تفریح سے بھرپوران پروگرامز میں ہر عمر اور طبقے کے افراد کی دلچسپی کا خاص خیال رکھا گیا ہے

خصوصی بچوں کیلئے پروگرام اور حالات حاضرہ کے دو عید شو ز بھی ٹرانسمیشن کا حصہ بنیں گے

جی ایم پی ٹی وی لاہور سیف الدین اور پی ایم قیصر شریف کی عید ٹرانسمیشن میں خصوصی دلچسپی

پاکستان ٹیلیویژن لاہور مرکز نے ہر سال کی طرح اس عید الفطرپر بھی اپنے ناظرین کے لئے رنگا رنگ اور تفریح سے بھرپور پروگرام پیش کرنے کا اہتمام کیا ہے،  اس سلسلے میں لاہور مرکز میں ان دنوں خوب گہما گہمی ہے اور ان پروگرامز کی ریکارڈنگ زور و شو ر سے جاری ہیں۔ لاہور مرکز کے ان پروگرامز کی خاص بات یہ ہے کہ ان کی تیاری میں ہر عمراور طبقے کے افراد کے تفنن طبع کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔پی ٹی وی لاہور مرکز کے جنرل منیجر سیف الدین  اور پروگرام منیجر قیصر شریف ان پروگرامز کی تیاری میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔
عید کے تینوں دنوں کی خصوصی ٹرانسمیشن لاہور مرکز سے ہوگی۔ جسکے میزبان نعمان اعجاز، جگن کاظم اور سندس جمیل ہیں۔ اس خصوصی ٹرانسمیشن میں ناظرین کی اپنے پسندیدہ اداکاروں، گلوکاروں اور شوبز سے وابستہ افراد سے ملاقات ہوگی اور ناظرین ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں جان سکیں گے۔ اس خصوصی ٹرانسمیشن میں عارف لوہار، سہیل احمد، قوی خان، شاہدہ منی، سائرہ نسیم، حامد علی خان اوران کے تینوں صاحبزادے، آصف سنتو اور دیگر ستارے بھی خصوصی طور پر شرکت کرینگے۔ عید کی خصوصی ٹرانسمیشن کے پروڈیوسر کاشف رانا ہیں

لاہور مرکز نے اپنے ناظرین کے لئے دو مزاحیہ مشاعرے بھی ریکارڈ کئے ہیں جو مسکراہٹوں اور قہقہوں کی برسات کرینگے۔ چلو پھر سے مسکرائیں   کے عنوان سے 25 منٹ دورانیے کے یہ دونوں مشاعرے سید اظہر فرید پیش کر ینگے او ر ڈاکٹر طاہر شہیر اس کے میزبان ہیں۔ ان مشاعروں میں معروف شعرا کرام اپنا کلام پیش کرینگے جن میں سلمان گیلانی، سرفراز شاہد، انعام الحق، ڈاکٹر سعید اقبال، ڈاکٹر اختر شمار، فخر عباس، شہزاد بیگ، محمد اردیس قریشی اور دیگر شامل ہیں۔
عید کی مناسبت سے ورثہ کا ایک خصوصی پروگرام بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جس میں معروف نوجوان گلوکار علی سیٹھی اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے۔ اس خصوصی پروگرام کی میزبانی سونیا حسین کر رہی ہیں۔پروڈیوسر محسن جعفر عید پر ایک میوزک شو  Galaxy Night  پیش کرینگے جس میں شوبز کے ستاروں کی ایک کہکشاں ہوگی اور ملک کے معروف گلوکار اس شو میں اپنی آواز کا جادو جگائے گے۔

پی ٹی وی لاہور مرکزنے عید پربھی خصوصی بچوں کو یاد رکھا ہے اور اس سلسلے میں ایک خصوصی پروگرام  ہم سب ساتھ ہیں ریکارڈ کیا ہے۔ اس پروگرام کے میزبان ڈاکٹر خالد جمیل ہیں جبکہ اسے  پروڈیوسر صفدر سحر نے پروڈیوس کیا ہے۔
عید کے موقع پر شعبہ حالات حاضرہ نے بھی دو عید شوز ریکارڈ کئے ہیں، پچاس پچاس منٹ کے دونوں پروگرام لاہور رکز کے سٹوڈیوز میں ریکارڈ کئے گئے ہیں جن میں سیاسی و سماجی شعبوں کے علاوہ شوبز اور علم و ادب سے وابستہ بڑی شخصیات بھی مہمان بنیں گی۔ عیدکے پہلے شو کے میزبان حامد ولید اور نمرہ ناصر ہیں اور اس میں خالد جمیل، عارف لوہار،گلوکار سمن اور شیر میانداد شرکت کرینگے۔ یہ شو پروڈیوسرزعارف یونس اور عرفان ریاض کی پیشکش ہے جبکہ دوسرا عید شو عرفان ریاض اور صائمہ نذیرکی مشترکہ پیشکش ہیں۔جسکے میزبان سادیہ انور اور انضمام قریشی ہیں اور اس کے مہمانوں میں سید یاور عباس، ربیعہ منہاس، ندیم عباس لوناوالہ، نواز انجم اور دیگر شامل ہیں۔  شعبہ حالات حاضرہ کے سربراہ شکیل اعوان کی ہدایت پر اس میں ایسے سیکمنٹس رکھے گئے ہیں جو ہر عمر اور طبقے کی دلچسپی کا باعث بن سکیں۔

شیئرکریں