عمرہ، حج اور زکوٰۃ کی رقوم اپنے سفید پوش رشتے داروں اور دوست احباب کو اس مشکل وقت میں پیش کردیں، پیر سید سہیل بخاری

ممتاز سماجی ثقافتی ادبی اور مذہبی شخصیت پیر سید سہیل بخاری سجادہ نشین حضرت سید پیر مکی ؒلاہور، چیئرمین ایوان مشائخ پاکستان اور چیئرمین ایشین ایوارڈزکمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس مشکل اور کٹھن وقت میں عمرہ حج کے اربوں روپے اور زکوٰۃ کی مد میں رقوم اپنے سفید پوش رشتے داروں دوست احباب اور مستحق افراد میں تحفہ کے طور پر پیش کر دیں اور اپنے ہاتھوں سے انکے گھروں میں جاکر دے کر آئیں کسی کاروباری سماجی این جی اوز کو نہ دیں جنکے سربراہان لاکھوں روپے تنخواہ کی مد میں وصول کرتے ہیں پیر سید سہیل بخاری نے کہا کہ صرف راشن دینے سے مسائل حل نہیں ہوتے راشن کے ساتھ سفید پوش خاندانوں کو نقد رقم بھی فراہم کی جائے تاکہ دیگر مسائل حل ہوں جن میں بیماری، ادویات اور دیگر گھریلو اخراجات شامل ہیں اور جن کے گھر کرایہ کے ہیں اس مشکل اور کٹھن وقت میں کرایہ کی آسانی سے ادائیگی کر سکیں۔ پیر سید سہیل بخاری نے بتایا کہ ہم نے گزشتہ ماہ 37 گھرانوں کو راشن کے ساتھ ساتھ ادویات کیلئے نقد رقم بذریعہ کریم ڈیلیوری انکے گھروں تک پہنچایا۔ اس ماہ مقدس میں بھی ہم ان 37 گھرانوں کو دوبارہ راشن کے ساتھ ساتھ عید کیلئے نقد رقم بھی فراہم کرنے کی کوشش میں ہیں جس کیلئے میرے مخیردوست احباب کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ ہمارے راشن پیک تقریباََ 3500 روپے کا ہوتا ہے۔ اور اب پھر میری کوشش ہے کہ میں اس کارخیر میں خود اور اپنے مخیر دوستوں سے تعاون حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاؤں۔ اللہ تعالیٰ اپنے محبوبﷺ کے صدقے میں میری اس مخلصانہ اور بے لوث خدمت پر میری مدد فرمائیں گے۔

شیئرکریں