کشمیر بینڈ نے اپنے”فیصلے ” کوریلیز کردیا

نئے ابھرتے ہوئے مقبول ترین کشمیر بینڈ نے قرنطینہ کے دوران گھر میں گروپ کی شکل میں ریکارڈ کیا گیا گانا “فیصلے”تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ریلیز کردیا۔ یاد رہے کہ کشمیر بینڈ نے یہ گانا پیپسی بیٹل آف دی بینڈز میں پہلی بار پرفارم کیا تھا، یہی وجہ تھی کہ گانے کو بینڈ کی پہلی البم میں شامل نہیں کیا گیا تھا،تاہم بینڈ نے اب اس گانے کو اس کی اصلی صورت میں ریلیز کیا ہے، گانے کی ویڈیو میں بینڈ کے تمام ممبران کو گھروں سے گانا گاتے دکھایا گیا ہے، بینڈ کے اس نئے گانے کی ویڈیوتمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور یوٹیوب پر ریلیز کردی گئی ہے۔ گانے کی ریلیز سے متعلق بات کرتے ہوئے بینڈ کا کہنا تھا کہ “فیصلے”وہ گانا ہے جو ہم نے پیپسی بیٹل آف دی بینڈ میں شرکت سے بہت پہلے لکھا اور کمپوز کیا تھا، ا س گانے سے متعلق دلچسپ واقعہ یہ ہے کہ ایک وقت ایسا بھی آیا کہ ہم مشکل میں پھنس گئے تو ہم نے اس گانے کو جس کی پریکٹس ہم نے مہینوں پہلے کی تھی، بغیر کسی ریاضت کے گانے کا فیصلہ کیااور بغیر کسی تیاری کے گایا گیا ہمارا یہ گانا جو کہ سیدھا دل سے نکلا تھا، دلوں کی آواز بن گیا، جس کے بعد اس گانے کو لیکر ایک ایسی ویڈیو بنانے کا منصوبہ بنایا گیا کہ جو سیدھا دل سے نکلے اور آج اس گانے کو اس انداز سے پیش کیا جارہاہے۔ ملک میں راک بینڈ کے طور پر مقبولیت حاصل کرنے والے کشمیر بینڈ نے حال ہی میں اپنا پہلا البم “خواب”ریلیز کیا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ کشمیر بینڈ کی گائیگی اور موسیقی قابل ستائش اور سراہے جانے کے قابل ہے۔

شیئرکریں