پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی سکریننگ کیلئے موبائل یونٹس قائم

انچارج موبائل یونٹ ڈاکٹر فرزانہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر 9 گاڑیوں پر مشتمل موبائل یونٹس قائم کیے ، جلد گاڑیوں کی تعداد 16 کردی جائے گی، موبائل یونٹس گھر گھر جاکر کورونا وائرس کی سکریننگ کریں گی، اسکریننگ کیلئے تھرمل گنز کا استعمال کیا جائے گا، اگر کسی شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تو فوراضلعی انتظامیہ کو اطلاع دی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ لاہور نے محکمہ بہبود آبادی کے اشتراک سے موبائل یونٹس تیار کیے، یہ تمام موبائل یونٹس محکمہ بہبود آبادی کی گاڑیوں میں تیار کیے گئے، یہ گاڑیاں ایک منصوبہ بندی کے تحت لاہور کے 9 زون میں کورونا وائرس کی سکریننگ کیلئے گشت کریں گی اور عملہ گھر گھر جاکر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرے گا، جبکہ سڑکوں اور موجود افراد کی سکریننگ بھی کی جائے گی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لاہور صفدر حسین کا کہنا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں 9 موبائل یونٹس تیار کیے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 16 یونٹس کام کریں گے، محکمہ بہبود آبادی کے ایڈیشل سیکرٹری احمد شعیب کا کہنا تھا کہ یہ موبائل یونٹس تمام تر سہولیات سے آراستہ ہیں اور مکمل طور پر فعال ہیں۔

شیئرکریں