برطانیہ نے 7 کلو گرام سونے کا یادگاری سکہ جاری کردیا

جیمز بانڈ کی نئی فلم، برطانیہ کی تاریخ کا مہنگا ترین سونے کا یادگاری سکہ جاری

تفصیلات کے مطابق مشہور ہالی ووڈ فلم سیریز جیمز بانڈ کی نئی فلم کی ریلیز کے سلسلے میں برطانیہ نے 7 کلو گرام سونے کا یادگاری سکہ جاری کردیا۔

یہ سکہ دراصل اس فلم کی یادگار کے طور پر بنائے جانے والے سکوں کے کلیکشن میں سے ایک ہے جو حال ہی میں جاری کیا گیا ہے۔

اس سے پہلے کلیکشن میں سونے، چاندی اور دیگر دھاتوں سے بنے سکے ہیں جن پر سیریز کی تمام فلموں کے نام کندہ ہیں۔ ان کا وزن 5 اونس، 1 کلو گرام اور 2 کلو گرام ہے جبکہ ان کی مالیت 10 پاؤنڈز سے 2 ہزار پاؤنڈز تک ہے۔

سب سے بڑا سکہ 7 کلو گرام سونے سے تیار کیا گیا ہے جس کی مالیت 7 ہزار پاؤنڈز ہے۔ یہ سکہ جیمز بانڈ سیریز کی اگلے ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ سے منسوب کیا گیا ہے۔

سکے پر جیمز بانڈ کی گاڑی اور اس کی نمبر پلیٹ کا ہندسہ یعنی 007 کندہ ہے۔

ادارے نے اس سکے کی قیمت خرید تو جاری نہیں کی تاہم اندازہ ہے کہ اس کی قیمت 1 لاکھ 29 ہزار 990 پاؤنڈز تک ہوسکتی ہے۔

گزشتہ روز برطانیہ کے سرکاری ٹکسال دا رائل منٹ نے سوشل میڈیا پر اس خوبصورت اور وزنی سکے کی تصاویر جاری کی ہیں۔

شیئرکریں