تسنیم کوثر کے افسانوی مجموعے ” چبھن “ کی تقریب رونمائی

معروف ادیبہ وشاعرہ تسنیم کوثر کے افسانوی مجموعے ”چبھن “ کی تقریب رونمائی انجمن ترقی پسند مصنفین کے زیراہتمام پاک ٹی ہاﺅس میں ہوئی، صدارت محترمہ سلمیٰ اعوان نے کی، جبکہ مہمانان خصوصی میں پروفیسر حسن عسکری کاظمی، ڈاکٹر پروفیسر رفیق خان اور طارق واصفی شامل تھے۔نظامت کے فرائض جاوید آفتاب نے انجام دیئے ۔اس موقع پر تسنیم کوثرکا کہنا تھا کہ وہ اپنے افسانوں میں خواتین کودرپیش مسائل پر قلم اٹھاتی ہیں، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ خواتین کی جانب سے ناروا سلوک کا شکار ہونے والے مردوں کا احوال بھی اپنی کہانیوں میں بیان کرتی ہیں ۔سلمیٰ اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں تسنیم کوثر بطور شاعرہ بھی پسند ہیں، اوروہ انکے فن افسانہ نگاری کی بھی معترف ہیں،مقررین نے تسنیم کوثر کے افسانوی مجموعے کے معیار کوسراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے فن پاروں میں ہماری معاشرتی صورتحال کی خوبصورت عکاسی کی ہے۔جبکہ وہ ایک بلند پایہ قلم کار ہونے کے ساتھ ایک عمدہ انسان بھی ہیں۔تسنیم کوثرکے فن وشخصیت پر اظہار خیال کرنیوالوں میں پروین سجل، شبہ طراز، افتخار بخاری،امجد طفیل، شفیق احمد خان،انوارقمر،کامریڈ تنویر احمدخان،منورسلطانہ بٹ ، نواز کھرل ، اسناتھ کنول اور دیگر شامل تھے۔

شیئرکریں