پی ٹی وی لاہور مرکز سے ربیع الاول کے خصوصی پروگرامز کی تیاری

یکم سے بارہ ربیع الاول تک روزانہ رات دس بجے سے بارہ بجے تک خصوصی براہ راست تشریات

عالم دین اسوہ حسنہ اور سیرت نبوی ﷺ کو اجاگر کرتے ہیں، محافل میلاد اور نعتیہ مشاعروں کی ریکارڈنگ

متعدد پروڈیوسر ز نے نعتیں بھی ریکارڈ کیں، ڈائریکٹر پروگرام، لاہور مرکز کے جی ایم اور پی ایم کی خصوصی دلچسپی


پاکستان ٹیلی ویژن لاہور مرکز نے ربیع الاول کے با سعادت موقع پر اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مختلف پروگرامز کی ریکارڈنگ کی ہے جن کی نشریات یکم ربیع الاول سے شروع ہوچکی ہے اور یہ سلسلہ بارہ ربیع الاول تک جاری رہے گا۔ڈائریریکٹرپروگرامز کنول مسعو د کی خصوصی ہدایت پر ان پروگرامز کو منفرد اور خوبصورت بنانے کے کئے لاہور مرکز کے جنرل منیجر سیف الدین اورپروگرام منیجر قیصر شریف نے خصوی اقدامات کئے ہیں۔
سرور دو عالم حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کے موقع پرخصوصی پروگرام میں دو گھنٹے دورانیہ کا پروگرام رحمت اللعالمین بھی شامل ہے جوروزانہ رات دس سے بارہ بجے پی ٹی وی ہوم پر براہ راست نشر کیا جارہا ہے اس لائیو پروگرام کے پروڈیوسر پاکستان ٹیلیویژن لاہور کے پروگرام منیجر قیصر شریف ہیں۔ پروگرام کے میزبان جنید اقبال ہیں اور اس میں معروف عالم دین اور سکالرز شرکت کرتے ہیں جو سیرت النبی ﷺکے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہیں جبکہ معروف قوال اور نعت خواں اپنا کلام پیش کرتے ہیں اور نبی آخرالزماں ﷺ سے اپنے اپنے انداز میں محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ربیع الاول کی مناسبت سے سینئر پروڈیوسر سجاد بخاری نے معروف نعت خوان عبدالروف روفی کی آواز میں خوبصورت نعت ریکارڈ کی ہے۔جبکہ پروڈیوسر زنیرہ طارق نے بھی ربیع الاول کے پر مقدس موقع پر نبی آخرالزماں ﷺ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کرنے کی روایت کو پرقرار رکھتے ہوئے معروف گلوکار علی عباس کی آواز میں نعت ریکارڈ کی ہے۔
پی ٹی وی لاہور مرکز نے ربیع الاول کے حوالے سے محافل میلاد بھی ریکارڈکی ہیں۔ مردوں کی محفل میلاد پروڈیوسر سلمان حمید کی پیشکش ہے جس میں ملک کے مایہ ناز نعت خواہان مرغوب احمد ہمدانی، اختر حسین قریشی، شہراد ناگی، امین قادری، اسد ہاشمی اور علی زیدی نے سرور دو عالم کے حضور نذرانہ گل ہائے عقیدت پیش کیا۔خواتین کی محفل میلاد میں میمونہ یوسف، نگہت عاصمہ، نورینہ جنجوعہ، ساجدہ منیر اور دیگر نے شرکت کی اس پروگرام کو پروڈیوسر سدرہ طارق نے پروڈیوس کیا ہے۔پی ٹی وی لاہور مرکزربیع الاول کی مناسبت سے دو مشاعرے بھی پیش کر رہا ہے خواتین کا پنجابی مشاعرہ نیلم یونس نے پرڈیوس کیا ہے جسمیں صوبیہ بیدار، ڈاکٹر شاہدہ دلاور، ڈاکٹر فوزیہ تبسم، منور سلطانہ بٹ، رخشندہ نوید، نیلما ناہید درانی، ہجویری بھٹی اور زبیدہ حیدر زیدی نے اپنا کلام پیش کیا۔

ربیع الاول کے موقع پر  پروڈیوسرز رانا اسلم، زاہد اقبال، یونس چشتی اور اکاشہ ظہیر نے بھی نعتیں اور کلام ریکارڈ کئے ہیں جو بارہ ربیع الال تک مختلف اوقات میں پی ٹی وی ہوم پر پیش کی جائے گا۔ربیع الاول کی مناسبت سے پی ٹی وی لاہور مرکز نے ریڈیو پاکستان کے تعاون سے صوبائی مقابلہ نعت کا اہتمام بھی کیا۔ ریڈیو پاکستان میں ریکارڈ ہونے والے اس مقابلے میں صوبے بھر سے نعت خواہان نے شرکت کی۔انڈر 15 کیٹیگری میں فیصل آبادکے ثاقب   محی الدین اور لائیبہ رفیق اول رہے جبکہ انڈر 25  کیٹیگری میں علینہ طارق اور محمد یاسر کامیاب قرار پائے جو اسلام آباد میں ہونے والے آل پاکستان قومی مشاعرے میں شرکت کریں گے۔ اس مشاعرے کو پی ٹی وی پروڈیوسر نعیم خان نے ریکارڈ کیا ہے۔

شیئرکریں