ایمرا نے کپتان عبدالقادر خواجہ کی برق رفتار ففٹی کی بدولت بآسانی دس وکٹوں سے میچ اپنے نام کرلیا
ایمرا کی صحافیوں کے لیے صحت مند سرگرمی کرانا اچھی کاوش ہے، وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران
سبزہ زار کرکٹ گراؤنڈ میں صدر ایمرا آصف بٹ کی کاوش پر لاہور پریس کلب اور ایمرا کی ٹیموں کےدرمیان دوستانہ میچ کھیلا گیا. وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی. ایمرا کے کپتان عبدالقادر خواجہ نے ٹاس جیت کر لاہور پریس کلب کے کپتان ندیم بسراء کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی. ایمرا کے بالرز کی نپی تلی بالنگ نے ابتدائی اوورز میں لاہور پریس کلب کی ٹیم کو بڑا سکور کرنے سے روکے رکھا تاہم کپتان ندیم بسراء نے جارحانہ اننگ کھیلتے ہوئے 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی بدولت 36 رنز بناکر اپنی ٹیم کا سکور مقررہ اوورز میں 139 رنز تک پہنچا دیا. ایمرا کے حسنین خواجہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا. 140 رنز کے تعاقب میں ایمرا کے اوپننگ بلے بازوں ہشام یوسف اور کپتان عبدالقادر خواجہ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اننگ کا آغاز کیا تو 5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 72 رنز پر میچ بارش کے باعث روکنا پڑا. کپتان عبدالقادر خواجہ نے محض 21 بالز پر 54 رنز کی شاندار اننگ کھیلی. بارش سے متاثرہ میچ کا نتیجہ ڈرک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت دس وکٹوں سے ایمرا نے اپنے نام کرلیا. عبدالقادر خواجہ اور ندیم بسراء کو مشترکہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیاگیا. مہمان خصوصی وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران نے کھلاڑیوں میں شیلڈز تقسیم کی. اس موقع پر ایس ایم عمران نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایمرا کا صحافیوں کے لیے صحت مند سرگرمی منعقد کرانا اچھی کاوش ہے. موجود حالات میں صحافیوں کا یوں متحدہوکر ایک دوسرے کے لیے وقت نکالنا اور کھیل کو فروغ دینا قابل ستائش ہے. صدر ایمرا آصف بٹ کا کہنا تھا کہ ایمرا اپنے صحافیوں کے لیے ہمیشہ ایونٹس منعقد کراتا رہتا ہے کرکٹ ٹورنامنٹ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دیگر شہروں کی صحافی برادری کے ساتھ بھی میچزز کا انعقاد کیا جائے گا. کپتان لاہور پریس کلب ندیم بسراء کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں اس طرح کی سرگرمیاں ذہنی دباؤ سے نجات سمیت صحت کے لیے بھی بہت خوش آئند ہیں اس موقع پر ایمرا کے کرکٹ ٹیم کے کپتان ہشام یوسف اور سابق صدر ایمرا ، سئنیر نائب صدر ملک ارشد عاصم ، ممبر گورننگ باڈی عبداللہ، آصف خاور ، وقاص ، شاکر اعوان، کاشف بھٹی ، وحید ، فاروق، عمران سہیل ، حسنین خواجہ، عتیق ملک، نفیس، سلمان نقوی، عمیر جٹ،میاں جنید نے میچ میں شرکت کی