پی ٹی وی ہوم پر نئی ڈرامہ سیریل   عہد وفا   کی زبردست پذیرائی

سیریل دھرتی کے ان قابل فخر سپوتوں کی داستان ہے جو وطن کی خاطر اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کا عزم رکھتے ہیں

ایسے دوستوں کی کہانی جو وفا کو نہ صرف عہد سے منسوب کرتے ہیں بلکہ اس عہد کو پورا بھی کرتے ہیں

آئی ایس پی آر اور ایم ڈی پروڈکشن کی مشترکہ پیشکش نے الفا براو چارلی جیسے لازوال ڈراموں کی یاد تازہ کردی: ناظرین

پاکستان ٹیلی ویژن ہوم پر 22  جولائی  بروز اتوارسے شروع ہونے والی نئی ڈرامہ سیریل  عہد وفا  کو ناظرین میں زبردست پذیرائی ملی ہے اور اس کی پہلی قسط نے ہی ہر سو دھوم مچا دی ہے۔ یہ ڈرامہ سیریل وطن کے ایسے جانباز سپوتوں کی داستان ہے  جو اس کی حفاظت اور سلامتی کے لئے اپنے خون کا آخری قطرہ تک بھی بہانے کو تیار ہیں۔
ڈرامہ سیریل کی کہانی چار دوستوں کی کہانی ہے جوزندگی کے مختلف نشیب و فراز ایک ساتھ طے کرتے ہیں، ان کی زندگی ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہے۔ پاک فوج میں خدمات کے دوران وہ وفا کو نہ صرف عہد سے منسوب کرتے ہیں بلکہ اس عہد کو پورا کرتے ہوئے کبھی دشمن کے سامنے کوہ گراں ثابت ہوئے ہیں تو کبھی اس کی حفاظت کی خاطر اپنی جان سے بھی گذر جاتے ہیں۔
یہ ڈرامہ سیریل ہر اتوار کو رات سات بجکر پچپن،منٹ پر پی ٹی وی ہوم پر نشر کی جاتی ہے جبکہ سوموار کو اس کو دوبارہ بھی پیش کیا جاتاہے۔اس کی کہانی کے رائٹر مصطفی آفرید ہیں اور یہ آئی ایس پی آر اور ایم ڈی پروڈکشن کی مشترکہ پیشکش ہے۔ سیریل کی نمایاں کاسٹ میں عثمان خالد بٹ،  احد رضا میر،  احمد علی اکبر،  وہاج علی، زارا نور عباسی، ونیزہ احمد اور دیگر شامل ہیں۔
پی ٹی وی ناظرین نے عہد وفا کو بے حد پسند کیا ہے۔ ان کاکہنا ہے کہ اس سیریل نے الفا براو چارلی،سنہرے دن اور اس  جیسے پی ٹی وی کے دیگر لازوال ڈراموں کی یاد  تازہ کردی۔

شیئرکریں