پی ٹی وی لاہور کی نئی ڈرامہ سیریل ٹوٹے پتے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی: سیف الدین

لیجنڈز کی پذیرائی کے لئے پروگرام خراج تحسین سمیت کئی نئے پروگرام لاہو ر مرکز سے شروع کئے جا رہے ہیں: جنرل منیجر کی میڈیا سے گفتگو

عید الفطر اور عید الاضحی کے بعد اب محرم الحرام کے دوران بھی لاہور مرکزبیش بہا پروگرام پیش کر رہا ہے: پروگرام منیجر عابد حسین

ٹوٹے پتے ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس میں ہر ایک نے اپنی صلاحیتوں کو بہترین انداز میں استعمال کیا: پروڈیوسر شوکت چنگیزی

پاکستان ٹیلی ویژن لاہور مرکزکے جنرل منیجر سیف الدین نے کہا ہے کہ پی ٹی وی لاہور مرکز کی نئی ڈرامہ سیریل   ٹوٹے پتے کو ناظرین میں بے حد پذیرائی مل رہی ہے اور اٹھارہ اقساط پر مشتمل یہ ڈرامہ سیریل مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹوٹے پتے کی کامیابی اس بات کو ثبوت ہے کہ شائقین آج بھی محض گلیمر کی بجائے ایسے معاشرتی موضوعات کو ترجیح دیتے ہیں جن کا تعلق ہماری روز مر ہ زندگی سے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سینٹر پر کلچرل رپورٹرز سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔ لاہور مرکز کے پروگرام منیجر عابد حسین اور ٹوٹے پتے کے پروڈیوسر شوکت چنگیزی بھی اس موقع پرموجود تھے۔
جنرل منیجر نے بتایا کہ آرٹ و فن سمیت مختلف شعبوں میں گرآں قدر خدمات سر انجام دینے والے ماہرین کی پذیرائی کے لئے پی ٹی وی کا سلسلہ وار پروگرام خراج تحسین ایک مرتبہ پھر دھوم مچانے کے لئے تیار ہے اور بہت جلد اس کا آغاز لاہور مرکز سے کیاجائے گا جبکہ کئی دیگر اہم پروگرام بھی اس وقت حتمی پلاننگ کے مرحلے میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ قومی نشریات میں لاہور مرکز کا ہمیشہ سے کلیدی کردار رہا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اس قومی نشریات کی درخشاں روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنے ناظرین کو بہترین صحت مند تفریح فراہم کریں۔
 لاہور مرکز کے پروگرام منیجر عابد حسین نے اس موقع پر محرم الحرام کے دوران لاہور مرکز کی طرف سے پیش کئے جانے والے پروگرامز کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔انہوں نے کہا کہ عید الفطر اور عید الاضحی کے بعد اب محرم الحرام کے دوران بھی لاہور مرکزبیش بہا پروگرام پیش کر رہا ہے۔
 پروڈیوسر شوکت چنگیزی نے کہا کہ ٹوٹے پتے کی ریکارڈنگ کے دوران کئی نشیب و فراز آئے مگر جنرل منیجر اور پروگرام منیجر کی رہنمائی اور تعاون ہمیشہ ساتھ رہا۔ انہوں نے کہا یہ سیریل ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس میں ہر ایک نے اپنی صلاحیتوں کو بہترین انداز میں استعمال کیا ہے۔
 45  منٹ دورانئے کی اس سیریل کی اٹھارہ اقساط ہیں جو ہر جمعرات کو رات آٹھ بجے پی ٹی وی ہوم پر نشر ہوتی ہے۔ سیریل اندورن شہر کے ایک روایت پسند خاندان کی کہانی ہے جس میں رہنے والے بزرگ آج بھی سب فیصلے اپنے ہاتھ میں رکھتے ہیں اور ان کے یہ فیصلے ہی ان کے خاندان کو ٹو ٹنے سے بچاتے ہیں۔اس سیریل کو رائٹر جہانزیب قمر نے تحریر کیاہے  جبکہ کا سٹ میں سینئر آرٹسٹ عاصم بخاری، کاشف محمود، عذرا آفتاب، فریحہ جبین، عائشہ خان، سمیر خان، علی اسلم اوردیگر کاسٹ شامل ہے۔

شیئرکریں