پی ٹی وی لاہور مرکز پر محرم الحرام کے حوالے سے کل پاکستان محفل مسالمہ کی ریکارڈنگ

 اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، کراچی اور پنجاب کے مختلف اضلاع کے شعرا ء نے شہدائے کربلاء کے حضور گلہائے عقیدت پیش کیا

و جد انگیز محفل مسالمہ کو سید اظہر فرید نے ریکارڈ کیا ہے،  محرم الحرام میں پی ٹی وی ہوم پر پیش کی جائے گی۔

پاکستان ٹیلی ویژن لاہور مرکز پر محرم الحرام کے حوالے سے خصوصی پروگرامز کی ریکارڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔لاہور مرکز کے سینئر پروڈیوسر سید اظہر فرید نے اس حوالے سے اہم پروگرام  کل پاکستان محفل مسالمہ کی ریکارڈنگ کی۔ لاہور مرکز کے سٹوڈیو میں ریکارڈ ہونے والی اس محفل مسالمہ میں اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، کراچی اور پنجاب کے مختلف اضلاع سے معروف شعرا کرام نے شرکت کی اور شہدائے کربلاء اور خانوادہ رسول ﷺکے حضور گلہائے عقیدت پیش کیا۔
اس وجد انگیز محفل مسالمہ کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر جواز جعفری نے ادا کئے جبکہ امجد اسلام امجد،  نجیب احمد،  علی اکبر عباس، پروفیسر حسن عسکری، سید عقیل عباس جعفری، ڈاکٹر اختر شمار، محسن شکیل،  اختر کاظمی،  نیلما ناہید درانی،  فرحت عباس شاہ،  صوفیہ بیدار،   ناصر بشیر،  صغری صدف،  توقیر عباس،  شعیب آفریدی اور  شاہدہ دلاور شاہ  نے بڑے شوق و ذوق اور جذبہ ایمانی سے اہل بیت کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا اور خوب داد وصول کی۔
پی ٹی وی لاہور مرکز کی یہ ایمان افروز محفل مسالمہ محرم الحرام کی خصوصی نشریات کے دوران پی ٹی وی ہوم پر پیش کی جائے گی.

شیئرکریں