لاہور مرکز کی نئی ڈرامہ سیریل ٹوٹے پتے جمعرات سے آن ایئر ہوگی

پی ٹی وی ہوم پر پرائم ٹائم میں نشر کی جانیوالی سیریل میں اہم معاشرتی موضوع کی عکاسی کی گئی ہے۔
18 اقساط پر مشتمل سیریل جہانزیب قمرکی تحریرہے جبکہ ہدایات پروڈیوسر شوکت چنگیزی نے دی ہیں
کاسٹ میں عاصم بخاری، کاشف محمود، عذرا آفتاب، فریحہ جبین، عائشہ خان،علی اسلم اوردیگر شامل ہیں۔
ٹوٹے پتے پی ٹی وی کی درخشاں روایت کاخوبصورت تسلسل ثابت ہوگی: سیف الدین جنرل منیجر لاہور

پاکستان ٹیلی ویژن کے ناظرین کیلئے ایک اوراچھی خبر۔۔ لاہور مرکز کی نئی ڈرامہ سیریل ٹوٹے پتے آج سے(جمعرات 22 اگست 19) پی ٹی وی ہوم کی زینت بنے گی۔ لاہور مرکز کے اس خوبصورت ڈرامے میں اہم معاشرتی موضوع کی عکاسی کی گئی ہے جسمیں خاندانی نظام کو ٹوٹنے سے بجانے کیلئے بزرگوں کے کردار اور نوجوان نسل کے ذمہ دارانہ رویوں کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
تقریبا 45 منٹ دورانئے کی اس سیریل کی اٹھارہ اقساط ہیں جو ہر جمعرات کو رات آٹھ بجے پی ٹی وی ہوم پر نشر کی جائے گی،اس سیریل میں اندورن شہر کے ایک روایت پسند خاندان کی کہانی پیش کی گئی ہے جس میں رہنے والے بزرگ آج بھی سب فیصلے اپنے ہاتھ میں رکھتے ہیں اور ان کے یہ فیصلے ہی ان کے خاندان کو ٹو ٹنے سے بچاتے ہیں۔ نئی نسل کے بدلتے ہوئے نظریات اور رجحانات کے باوجود ہر ایک کے علیحدہ تشخص کی کہانی کہ جس میں ہر کوئی اپنا مقام پہچانے تو گھر واقعی جنت بن جاتا ہے۔ اس سیریل کو رائٹر جہانزیب قمر نے تحریر کیاہے جبکہ اس کی ہدایات پی ٹی وی لاہور مرکزکے منجھے ہوئے پروڈیوسر شوکت چنگیزی نے دی ہیں جنہوں نے نہایت جانفشانی سے اس سیریل پر کام کیا ہے اور ریکارڈنگ کے لئے لاہور، سرگودھا اور مختلف علاقوں کا دورہ کیاہے۔سیریل کی کہانی کی مناسبت سے دیہی علاقوں، حویلیوں اور مختلف ماحول سے متعلق سین سرگودھا میں عکس بند کئے گئے جبکہ لاہور میں اہم مقامات پر بھی عکاسی کی گئی۔


کا سٹ میں سینئر آرٹسٹ عاصم بخاری، کاشف محمود، عذرا آفتاب، فریحہ جبین، عائشہ خان، سمیر خان، علی اسلم اوردیگر کاسٹ شامل ہے۔ پی ٹی وی لاہور مرکز کے جنرل منیجر سیف الدین نے کہا ہے کہ حقیقی موضوعات پر مبنی سبق آموز ڈرامے پی ٹی وی کا خاصا ہے اور ٹوٹے پتے پی ٹی وی کی اس درخشاں روایت کاخوبصورت تسلسل ہے۔ ایسے موضوعات کو موضوع بحث بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سیریل کے پروڈیوسر شوکت چنگیزی نے کہا ہے کہ یہ ڈرامہ سیریل پی ٹی وی کے ناظرین کو بہترین تفریح فراہم کرے گی اور وہ اسے مدتوں یاد رکھے گے۔

شیئرکریں