والڈ سٹی اتھارٹی کی جانب سے اندرون لاہور میں جشن آزادی کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے پاکستان کے 72ویں یوم آزادی کی تقریبات کا اہتمام پورے جوش و جذبہ سے کیا گیا۔ اندرون لاہور میں قائم تمام دروازوں کو خوبصورت لائٹوں سے سجایا گیا جبکہ شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازہ میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پرچم کشائی کی۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی ترجمان تانیہ قریشی نے اس ضمن میں بتایا کہ اتھارٹی کی جانب سے جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد ایک ہفتہ پہلے ہی کر دیا گیا تھا۔ لاہور کے چھ تاریخی دروازوں اور شاہی قلعہ کو سبز اور سفید لائٹوں سے سجایا گیا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز شاہی قلعہ میں پرچم کشائی وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کی جبکہ کمشنر لاہور آصف بلال لودھی نے دہلی دروازے پرچم کشائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کی مناسبت سے ہسٹری بائی نائٹ ٹورز کو آزادی ٹورز میں تبدیل کیا گیا اور ٹور میں آنے والے سیاحوں کو پاکستانی جھنڈے بھی دیئے گے۔ والڈ سٹی اتھارٹی کی سوشل موبلائزیشن ٹیم نے دہلی دروازے کے رہائشیوں کے ساتھ مل کر تقریبات کا اہتمام کیا جس میں بچوں نے ملی نغمے پیش کئے جبکہ اندرون لاہور کے بہت سے گھروں میں پاکستانی پرچم بھی لہرائے گئے۔

شیئرکریں