نسیم وکی نے کشمیر سے اظہار یکجہتی پر سٹیج ڈرامہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

جلد کشمیریوں کے لیئے سٹیج ڈرامہ ڈائریکٹ کروں گا۔نسیم وکی

لاہور(شوبز رپورٹر)اداکار وہدائتکار نسیم وکی نے کشمیرسے اظہار یکجہتی کے لیئے سٹیج ڈرامہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ایک ملاقات کے دوران نسیم وکی نے کہاکہ وہ بہت جلد کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیئے ایک سٹیج ڈرامہ شروع کریں گے اس ڈرامہ کی کہانی بھی وہ خود لکھیں گے اس کی ڈائریکشن بھی خود دینگے اور اس میں کام بھی کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں نسیم وکی نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور وہاں ہمارے مسلمان بہن بھائی رہتے ہیں جن پر بھارت کی جانب سے ظلم کے پہاڑ ڈھائے جارہے ہیں۔نسیم وکی نے کہاکہ ان مظالم کو دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے انشا ء اللہ وہ جلد اس کی کہانی لکھنا شروع کردینگے اور اس کو عید کے فوراً بعد اسٹیج کی زینت بنائیں گے۔نسیم وکی نے مذید کہاکہ اس ڈرامے میں معروف اداکار کام کریں گے کیونکہ یہ ڈرامہ ہم پاکستانیوں کی طرف سے اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے لیئے پیار کا اظہار ہو گا انہیں یقین ہے کہ ڈرامہ شائقین اس ڈرامہ کو دیکھنے کے لیئے جوق در جوق آئیں گے اور کشمیر سے اپنی بے پناہ محبت دکھائیں گے۔

شیئرکریں