پلاک کی جانب سے نامور اداکار شاہد حمید کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز گیا

رپورٹ، انجم شہزاد

پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج آرٹ اینڈ کلچر، محکمہ اطلاعات و ثقاف، حکومت پنجاب کے زیر اہتمام ماضی کے سپرسٹار ہیرو شاہد حمید کے ساتھ ایک شام منعقد ہوئی جس میں دانشوروں، ادیبوں، فنکاروں اور فلم انڈسٹری کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔ جن میں سید نور، غلام محی الدین، سرور بھٹی، اورنگزیب، حسن عسکری، اچھی خان، سرور سکھیرا، طاہر بخاری، رابعہ حسن طارق، ملک ریاض، افتخار طارق مرزا، سجاد احمد، طارق مقصود، قیصر سلطان، امتیاز صدیقی، سعید مغل، انور عزیز چانڈیو اور دیگر نے پھول پیش کیے اور شاہد حمید کی شخصیت اور فن گفتگو کی۔ پروگرام کے آغاز میں فلم سٹار شاہد کے فنی کیرئیر کے حوالے سے ڈاکومینٹری دکھائی گئی۔ جسے داد دئیے بغیر کوئی نہ رہ سکا اور ہال بار بار تالیوں سے گونجتا رہا۔ فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے فلم سٹار شاہد کے ساتھ محبت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی فنکارانہ صلاحیتوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ غلام محی الدین نے کہا کہ ہمارا ملک فلم انڈسٹری کے لحاظ چھوٹا ہے لیکن ٹیلنٹ کے اعتبار سے بڑا ملک ہے۔ اُس نے بہت نامور فنکار پیدا کئے ہیں۔ سرور بھٹی نے کہا کہ شاہد بہت بہادر، بات کے پکے اور تعلق نبھانے والے انسان ہیں۔ حسن عسکری نے کہا کہ وہ ہرفن مولا ہیں انھیں جو بھی کردار دیا جاتا اُسے خوب نبھاتے۔ اورنگزیب نے کہا کہ شاہد جب بھی سکرین پر آتے تو چھا جاتے۔ ڈاکٹر صغرا صدف نے کہا کہ پِلاک فنکاروں سے متعلق آرکائیو بنا رہا ہے تاکہ عظیم اثاثے کو محفوظ کیا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ شاہد حمید نا صرف اچھا فنکار ہے بلکہ بہت اچھا انسان بھی ہے ضرورت ہے کہ لاہور میں دوبارہ فلمیں بنیں کیونکہ پنجاب نے پاکستان کو بہت قدآور فنکار مہیا کیے ہیں جو پوری دنیا میں اُس کی پہچان ہیں۔ اگر فلمیں بنیں اور آج کے ٹیلنٹ کو اظہار کا موقع ملے تو ہمارے درمیان بہت سارے نوجوان وحید مراد، شاہد اور سلطان راہی موجود ہیں۔ مداحوں نے اس تقریب میں شرکت کر کے شاہد صاحب سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ آخر میں پِلاک کے طرف سے فلم سٹار شاہد کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

شیئرکریں