عید لاضحی کے رنگ پی ٹی وی کے سنگ، لاہور مرکزنے خوبصورت پروگرامزکی کہکشاں سجا لی

صحت مند تفریح سے بھرپورپروگرامز میں ہر عمر اور طبقے کے افراد کی دلچسپی کا خاص خیال رکھا گیا ہے

خصوصی عید پلے میں رشتوں کوبچانے کے لئے ذاتی انا کوقربان کرنے کا عید ایثار کا پیغام نمایاں ہے

عید گلزار کے عنوان سے پروگرام اور حالات حاضرہ کے عید شوز میں موسیقی بھی اور من پسند لوگوں سے ملاقاتیں بھی

خصوصی بچوں کیلئے پروگرام بھی شامل، جی ایم اور پی ایم لاہورمرکز کی عیدکی پروگرامنگ میں خصوصی دلچسپی

پاکستان ٹیلیویژن لاہور مرکز نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس عیدالاضحی  پربھی اپنے ناظرین کے لئے رنگا رنگ اور تفریح سے بھرپور پروگرام پیش کرنے کا اہتمام کیا ہے،  اس سلسلے میں لاہور مرکز میں ان پروگرامز کی ریکارڈنگ زور و شو ر سے جاری ہیں اور سینٹر میں خوب گہما گہمی ہے۔ لاہور مرکز کے ان پروگرامز کی خاص بات یہ ہے کہ ان کی تیاری میں ہر عمراور طبقے کے افراد کے تفنن طبع کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔پی ٹی وی لاہور مرکز کے جنرل منیجر سیف الدین  اور پروگرام منیجر عابد حسین ان پروگرامز کی تیاری میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔
 معاشرتی موضوعات اورسبق آموزپیغامات پر مبنی ڈرامے پی ٹی وی کاہمیشہ سے ہی طرہ امتیاز رہا ہے، اس عیدالاضحی پر لاہور مرکز خصوصی عید پلے  پیش کررہا ہے جس میں عید قرباء کے حقیقی پیغام ایثار و قربانی کو بہت خوبصورت انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ عید پلے ایک لائٹ کامیڈی ڈرامہ ہے، جس میں ذاتی انا کو قربان کر کے اپنے تعلقات اور رشتوں کو محفوظ بنانے کا پیغام ہلکے پھلکے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔اس پلے میں چھوٹی چھوٹی غلط فہمیوں اور خاندانی ناراضگیوں سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کی عکاسی کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ کس طرح ہم اپنی ذاتی انا اور پسند نا پسند کو قربان کرکے اپنے رشتے بچا سکتے ہیں۔عید پلے کو ڈاکٹر عطاء اللہ عالی نے تحریر کیا ہے اس کی ہدایات پی ٹی وی لاہور مرکز کے باصلاحیت پروڈیوسر سجاد بخاری نے دی ہیں۔اس کی کاسٹ میں حمیرہ علی، فائزہ نایاب، ارمان علی پاشا، نواز انجم، عائشہ خان، مہر النساء شبانہ قریشی اور دیگر شامل ہیں۔
عیدالاضحی پر پاکستان ٹیلی ویژن لاہور مرکز نے شایقین موسیقی کے لیے روح کی غذا کا بھی اہتمام کیا ہے اور موسیقی کے خصوصی پروگرامز ریکارڈ کئے ہیں جو ناظرین کے سر کے تار چھیڑیں گے،عید گلزار کے عنوان سے رنگارنگ پروگرام محسن جعفرکی پیشکش ہے۔ جس میں موسیقی کے ساتھ ساتھ شائقین کے پسندیدہ ستارے بھی مہمان بنیں گے۔ اس عید شو کی میزبانی میکال ذولفقار اور سارہ بلوچ کر رہے ہیں اور اس میں شفقت امانت عیل، سحر علی بگا، حمیرا ارشد،ابرارالحق اور یاسر اختر اپنے سروں کے جادوں جگا رہے ہیں جبکہ سخاوت ناز اور اظہر رنگیلا قہقہوں کی بارش کرینگے۔ عید شو کی ٹیم میں مبین ارشد، انعم قیصر بھی شامل ہیں۔

 عیدالاضحی کے موقع پر حالات حاضرہ نے بھی دو خصوصی  عید شوز تیار کئے ہیں   جسمیں موسیقی بھی ہے اور من پسند لوگوں سے ملاقاتیں بھی۔یہ عید شوز  درحقیقت علم و ادب، صحافت، سیاست، شو بز اور دیگر شعبوں کے حسین پھولوں کا خوبصورت گلدستہ ہے۔ نوے منٹ دورانیہ کے خصوصی عید شو کے میزبان سلمان ملک اور فاطمہ سیف ہیں جو اسدعظیم شان اورمیاں مصدق محمود کی پیشکش ہے اور مبشرہ سلطان  اسکی انچارج پروڈیوسر ہیں۔ناظرین کی اس شو میں میاں عمران مسعود، سعدیہ سہیل رانا، شائستہ پرویز، علی پرویز ملک، فائزہ ملک، معروف ہدایتکار سید نور، تجزیہ کار سہیل ورائچ، ناصر سلمان اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقات ہوگی جبکہ حامد علی خان اورترنم ناز کی زبردست گلوکاری کے ساتھ نئی آرٹسٹ آمنہ سیف بھی جلوہ گر ہونگی۔  پینتالیس منٹ کے دوسرے عید شو کے پروڈیوسر سید علی حسن اور مبشرہ سلطان ہیں جسکی میزبانی سہویرا صادق اور مائرہ روبیل کر رہی ہیں اور اس کے مہمانوں میں تنزیلہ عمران، ڈاکٹر زرقا سہروردی، رمشا خان اور تمکین آفتاب شامل ہیں۔اس شو میں گلوکار عمران اختر اور رمشا خان بھی اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
پی ٹی وی لاہور مرکزنے عیدایثار پربھی خصوصی بچوں کو یاد رکھا ہے اور اس سلسلے میں ایک خصوصی پروگرام  ہم سب ساتھ ہیں ریکارڈ کیا ہے۔ اس پروگرام کے میزبان ڈاکٹر خالد جمیل ہیں اور اسے زنیرہ طارق نے پروڈیوس کیا ہے۔ہنی البیلا اور سارہ نسیم خصوصی بچوں کے اس پروگرام کے میزبان ہیں اور اس میں مختلف اداروں کے سپیشل بچوں نے بہترین پرفارمنس پیش کی ہے۔

شیئرکریں