مرحوم عارضہ جگر میں مبتلا تھے ایک مہینے سے صغریٰ شفیع ہسپتال میں زیرعلاج تھے،گلوکاروں و فنکاروں کا اظہار افسوس
لاہور(شوبزرپورٹر)”عمران خان دے جلسے چ اج میرا نچنے نوں جی کردااے“ اور”سس نال لڑدی“،”متراں نوں ناں دس جا“سمیت دیگر مشہور گانے گانے والے گلوکار شہزاد چاندی انتقال کر گئے(انا للہ وانا الیہ راجعون)۔تفصیلات کے مطابق شہزاد چاندی ایک عرصہ سے عارضہ جگر میں مبتلا تھے اور گذشتہ ایک ماہ سے صغریٰ شفیع ہسپتال نارووال میں زیر علاج تھے گذشتہ دنوں وہ اس بیماری سے لڑتے لڑتے اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔مرحوم کی عمر 45 سال تھی انہوں نے فنی زندگی کا آغاز بھنگڑا گیتوں سے کیا تھا ان کے گائے ہوئے گانے ”سس نال لڑدی“،”متراں نوں نا دس جا“،”پاک فوج ایسے شیر نیں جو کسے وی میدان چہ ہردے نئیں“ وغیرہ زبان زدعام ہوئے تھے۔پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں میں سب سے زیادہ چلنے والا گانا”عمران خان دے جلسے چ اج میرا نچنے نوں جی کردااے“ بھی انہی کا گایا ہوا تھا۔ان کے تمام گائے ہوئے گانے معروف شاعر ہیرا جی کے لکھے ہوئے تھے۔اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے گلوکار و پی ٹی آئی رہنما ابرارالحق کے متعدد گانے بھی کمپوزکیئے تھے جو سپرہٹ ہوئے۔ انہیں سوگواران کی موجودگی میں ان کے آبائی گاؤں میں دفنا دیاگیاان کی نماز جنازہ میں گلوکار ابرارالحق اور شاعر ہیراجی سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ ان کی ناگہانی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے گلوکاروں اور فنکاروں نے کہاکہ شہزاد چاندی بہت اچھا گلوکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھا انسان بھی تھا۔ان کے قریبی دوست و شاعر ہیرا جی نے کہاکہ شہزاد چاندی کا آغاز میرے ساتھ ہی تھا اس کے تقریباً سارے گانے میرے لکھے ہوئے تھے جو سپر ہٹ ہوئے مجھے اس کی وفات پر یوں لگ رہا ہے جیسے میرا بھائی مجھ سے جدا ہو گیاہے۔گلوکار اکرم راہی نے کہاکہ شہزاد چاندی نے بھنگڑا کو نئی جہت دی تھی بہت اچھا انسان تھا مگر بیماری کے ہاتھوں ہار گیا اللہ انکی مغفرت کریں آمین،گلوکار ابرارلحق نے کہاکہ میرا بہت اچھا دوست تھا اس کی وفات کا یقین نہیں آرہا مگر کل نفس ذائقہ الموت اس کے آگے ہم کچھ نہیں کرسکتے اللہ اسکی مغفرت کریں،گلوکار مظہرراہی نے کہاکہ شہزاد چاندی کی وفات کا دیر سے پتہ چلا یقین نہیں آیاکہ میرا یار اس دنیا سے کوچ کر گیاہے اللہ اسے اپنی رحمت کے سائے میں رکھیں۔گلوکار تنویر آفریدی نے کہاکہ شہزاد چاندی ایک کہنہ مشق سنگر تھا جس نے بھنگڑا ایک نئے طریقے سے متعارف کروایا اور ہٹ ہوگیا اللہ اس کے درجات بلند کریں۔اداکارہ بشریٰ انصاری نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ شہزاد چاندی چھوٹا بھائی تھا میرا اس کی وفات کا بہت گہرا صدمہ ہوا ہے ایسے اچھے انسان جو کسی کا برا نہیں سوچتے جلدی اللہ کے پاس چلے جاتے ہیں۔گلوکار حیمی جٹ نے کہاکہ شہزاد چاندی سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ان کی وفات میوزک انڈسٹری کے لیئے بہت بڑا خلاہے جوپر نہ ہوگا۔اداکار غفار لہری نے کہاکہ شہزاد چاندی کی وفات کا دکھ پوری میوزک انڈسٹری کو ہے کیونکہ شہزاد چاندی ایک نئے دور کا آغاز تھا اللہ اسکی مغفرت کریں آمین۔گلوکارہ حمیرا ارشد نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ شہزاد چاندی بھنگڑے کا بادشاہ تھا اس کو دیکھ کر بہت سارے گلوکاروں نے اس کا سٹائل کاپی کرکے شہرت حاصل کی اس کی وفات پر دل رورہاہے اللہ اسے جنت نصیب کریں آمین۔خالق چشتی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ شہزاد چاندی پاکستان میں بھنگڑا گائیکی کا موجود تھا اس کی وفات سے دل بھر آیاہے۔گلوکار شاہد سونونے کہاکہ شہزاد چاندی کی وفات میوزک انڈسٹری کے لیئے بہت بڑا سانحہ ہے۔گلوکار ہ عینی طاہرہ نے کہاکہ شہزاد چاندی بہت اچھا گلوکار اور ملنسار انسان تھا اس کی وفات کا بہت دکھ ہواہے۔قوال وموسیقار استاد شیرمیاندادخان نے کہاکہ شہزاد چاندی نے جس طرح عروج پر گائیکی چھوڑی اسی طرح دنیا چھوڑ گیا اس کی وفات سے میوزک انڈسٹری بھی سوگوار ہے اللہ اسے اپنی رحمتوں کے سائے میں رکھیں اور اسکی مغفرت کریں آمین ثم آمین