پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج آرٹ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام معروف لوک گلوکار عمران شوکت علی کے ساتھ ایک شام کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کے اہم شرکاء میں لیجنڈ گلوکار اُستاد شوکت علی، آصف مہدی، ناصر براج،امیر شوکت علی، سجاد بری، سائرہ طاہر و دیگر شامل تھے۔تقریب کے آغاز میں ڈائریکٹر جنرل پلاک ڈاکٹر صغرا صدف نے کہا کہ عمران شوکت علی نے اپنے عظیم باپ اُستاد شوکت علی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فن موسیقی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ وہ نہ صرف ایک اچھا گلوکار ہے بلکہ بہت اچھا انسان بھی ہے۔ عمران شوکت کے بھائی گلوکار امیر شوکت علی نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ عمران بھائی کی گائیکی سن کر ہمیں اپنے والد کے جوانی کے ایام یاد آتے ہیں، وہ کردار اورگفتار میں اپنے والد کے بہت مشابہہ ہیں۔ عمران شوکت علی نے بابا بلھے شاہ، حضرت سلطان باہو، میاں محمد بخش، خواجہ غلام فریدکے کلام کے علاوہ کئی لوک گیت پیش کئے اور خوب داد وصول کی۔ اس موقع پر ان کے والد اُستاد شوکت علی نے اپنے پوتوں، نواسوں اور بیٹوں کے ساتھ پرفارم کر کے خوب سماں باندھا۔
