پی ٹی وی کی ترقی کیلئے اس کی پیشہ ورانہ بنیادوں پر ری سٹریکچرنگ کی جائے گی: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اس اہم قومی ادارے کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے اور انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ دی جائے گی

لاہور مرکز کے دورے کے دوران نئے ایم ڈی کو قلیل المعیاد اور طویل المعیاد حکمت عملی بنانے کی ہدایت

پی ٹی وی کے نئے ایم ڈی عامر منظور کا بھی لاہور مرکز کا دورہ، مختلف شعبوں کے سربراہان سے ملاقات

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ٹی وی کی ترقی اور بہتری کیلئے اس کی پیشہ ورانہ بنیادوں پر ری سٹریکچرنگ کی جائے گی اور اس جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ پی ٹی وی لاہور مرکز کے دورے کے موقع پر مختلف شعبوں کے سربراہان سے ملاقات کے دوران انہوں  نے کہاکہ مقابلے و مسابقت کے اس دور میں پی ٹی وی میں آگے بڑھنے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں اس کے مسنگ لنکس کو ختم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لئے مرحلہ وار موثر حکمت عملی پر کام کیا جائے گا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ موزوں عہدے پر موزوں امیدوار کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے صرف اور صرف میرٹ کا بول بالا کیا جائے گا۔ انہوں نے پی ٹی وی کے ایم ڈی عامر منظور کو پی ٹی وی کی بہتری کے لئے قلیل المعیاد اور طویل المعیاد حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی انہوں نے پی ٹی وی میں گذشتہ دس برس کا آڈٹ کرانے اور انسانی وسائل کی ترقی کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی، اس موقع پر انہوں نے پی ٹی وی، اے پی پی، ریڈیو پاکستان، پی آئی ڈی، ڈی جی پی آر اور دیگر متعلقہ محکموں میں باہمی تعاون اور ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی  زور دیا۔
اس سے پہلے پاکستان ٹیلی ویژن کے نئے منیجنگ ڈائرایکٹر عامر منظور نے بھی آج پی ٹی وی لاہور مرکز کا دورہ کیااور مختلف شعبوں کے سربراہان سے ملاقات کی۔ انہوں نے لاہورمرکز میں میں شعبہ پروگرام، حالات حاضرہ اور نیوز کی موجودہ ورکنگ اور اس میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے مختلف معاملات پر غور کیا۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائرایکٹر عامر منظور نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن ملک کی نظریاتی سرحدوں کا محافظ اہم قومی نشریاتی ادارہ ہے اور اس ادارے میں کی بہتری اور ملازمین کی فلاح و بہبود میری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی میں میرٹ کی بالادستی میری پہلی ترجیح ہے اور ہم سب نے ملک کر شبانہ روز محنت کرکے اسکی درخشان روایات کو بحال کرنا ہے۔

ایم ڈی پی ٹی وی نے کہا کہ وہ ادارے کی بہتری کے لئے ایک مفصل بزنس پلان تیار کررہے ہیں جس پر عمل کرتے ہوئے  پروڈیوسروں کی تخلیقی صلاحیتوں میں سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا جبکہ پروگامنگ کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے مراکز کو فعال کیا جارہا ہے اور وہ  اس سلسلے میں ہر سطح پر اپنا سپورٹنگ کردار ادا کرتے رہیں گے۔اس مو قع پر جنرل منیجر لاہور مرکز سیف الدین نے ایم ڈی کو پی ٹی وی مرکزمیں جاری پروگرامنگ اور آئندہ شروع کئے جانے والے پروگرامز کے متعلق بتایا۔

شیئرکریں