الحمرا میں معروف گلوکار عطا اللہ عیسی خیلوی کے ساتھ ایک شام کا انعقاد

ایگزیکٹو ڈائریکٹر اطہر علی خان نے انکی خدمات کے اعتراف میں انھیں سوینیئرپیش کیا
عطا اللہ عیسی خیلوی کو 50برس قبل عوامی محبتوں کا اعلی ایوارڈ مل چکا ہے۔ اصغر ندیم سید
عطا اللہ عیسی خیلوی ایک گلوکار ہی نہیں،عظیم انسان بھی ہیں۔ توفیق بٹ
الحمرا اپنے لیجنڈ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر اطہر علی خان

لاہور(شوبزرپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے زیر اہتمام نامور گلوکارعطا ء اللہ عیسی خیلوی کے ساتھ خوبصورت شام منائی گئی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے اصغر ندیم سید،توفیق بٹ اور ذوالفقار علی زلفی کے ہمراہ عطا اللہ عیسی خیلوی کو انکی 50سالہ خدمات اور ستارہ امیتاز ملنے کی خوشی میں سوینیئرپیش کیا۔نامور ادیب و دانشور اصغرندیم سید نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جس طرح مہدی حسن ایک ہے، نور جہاں ایک ہیں ویسے عطا اللہ عیسی خیلوی بھی ایک ہی ہیں،عطا اللہ عیسی خیلوی کو 50برس قبل عوامی محبتوں کا اعلی ایوارڈ مل چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ عطا اللہ عیسی خیلوی نے اپنے فن کو عزت کے ساتھ آگے بڑھایا،ان کے گائے ہوئے گیت ہمارے جذبات و احساسات کی عکاسی کرتے ہیں،انھوں نے گلوکاری میں جو مقام بنایااس میں انکی محبت اور صبر کی جھک دیکھائی دیتی ہے۔توفیق بٹ نے تقریب سے اظہار خیال میں کہا کہ عطا اللہ عیسی خیلوی ایک گلوکار ہی نہیں،عظیم انسان بھی ہیں۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر اطہر علی خان نے اپنے تاثرات میں کہا کہ الحمرا اپنے لیجنڈ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے،عطا اللہ عیسی خیلوی نے دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے جو کہ ایک بہت بڑی خدمت ہے۔عطا اللہ عیسی خیلوی نے ”پیا ر نال نہ سہی“، ”قمیض تیری کالی“،”اللہ توں ڈرو جی“،”آؤ تو کبھی دیکھو تو ذرا“ اور”سب مایاہے“گیت پیش کئے جس پر ہال میں موجود با ذوق عوام کی بہت بڑی تعداد لطف اٹھاتی رہی۔ڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچر ذوالفقار علی زلفی نے عطا اللہ عیسی خیلوی کا الحمرا کی دعوت قبول کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ کے بے حد شکر گزار ہیں کہ آج لالہ صیحح سلامت ہمارے درمیان موجود ہیں،انھوں نے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ الحمرا آئے اور اپنے عظیم گلوکار کو خراج تحسین پیش کیا۔پروگرام میں شرکت کرنے والے افراد نے الحمرا انتظامیہ کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی اور خوشگوار یادیں سمیٹ کر اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔

شیئرکریں