عیدالفطر کا میلہ ڈسٹری بیوشن کلب کی رومانوی کامیڈی فلم ”رانگ نمبر ٹو“نے لوٹ لیا۔ابتدائی تین روز میں 6کروڑ پچھتر لاکھ کما لئے۔

فلم نے پہلے روز ایک کروڑ ساٹھ لاکھ، دوسرے روز 2کروڑ تیس لاکھ جبکہ عالمی مارکیٹ سے بھی ڈیڑھ کروڑ سے زائد کمائے۔
پاکستانی فلمی صنعت کی نئی رومانوی کامیڈی فلم”رانگ نمبر ٹو“ عید الفطر کا دنگل واضح مارجن سے جیتتے ہوئے باکس آفس پر کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کرنے میں مصروف ہے۔باکس آفس رپورٹس کے مطابق فلم نے نہ صرف اپنے مقابلے میں ریلیز ہونے والی دیگرتمام فلموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے فلم بینوں کو بھرپور تفریح فراہم کی ہے بلکہ باکس آفس پر جاری جمود کو توڑ دیا ہے جس سے سنیما بزنس کی رونقیں واپس لوٹ آئی ہیں۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق بدھ پانچ جون کو ملک بھر میں ریلیز ہونے والی رانگ نمبر ٹونے پہلے تین روز میں مجموعی طور پر 6کروڑ پچھتر لاکھ کا ریکارڈ بزنس کیا ہے جبکہ لاہور، اسلام آباد، کراچی، حیدر آباد سمیت کئی شہروں میں رانگ نمبر2کے شوز تاحال ہاؤس فل جا رہے ہیں۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ شائقین کی جانب سے ملنے والا شاندار رسپانس فلم کی حقیقی کامیابی ہے جبکہ فلم نے بچوں اور بڑوں کے ساتھ ساتھ تمام فیملی کو یکساں تفریح فراہم کی ہے اور شائقین نے فلم کی کاسٹ میں شامل تمام فنکاروں سمیع خان، نیلم منیر، جاوید شیخ، ثنا فخر، یاسر نواز، دانش نواز، محمود اسلم شفقت چیمہ کی پرفارمنسز کو خوب سراہا ہے۔ ٹریڈ حلقوں کے مطابق رانگ نمبر2 ریلیز کے پہلے ہفتے کے اختتام تک باآسانی دس کروڑ کا بزنس مکمل کر لے گی جبکہ رانگ نمبر2کو عالمی
مارکیٹ سے ملنے والے شاندار رسپانس نے دیگر پاکستانی فلموں کی بین الاقوامی ریلیز کیلئے مارکیٹ مزید ہموار کردی ہے۔

شیئرکریں