پی ٹی وی کا مستقل ایم ڈی تعینات کیا جائے:مرکزی صدریونین راحیل آصف خان

بورڈ آف ڈائریکٹر ز نہ ہونے کے باعث کئی انتظامی و مالی امور التواء کا شکار ہیں، ملازمین میں تشویش

وزیراعظم عمران خان پی ٹی وی کے معاملات کو بہتر کرنے کے لئے اقدامات کریں: سی بی اے کے صدر کا مطالبہ

پاکستان ٹیلیویژن سی بی اے یونین کے مرکزی صدر راحیل آصف خان نے پی ٹی وی کے مستقل ایم ڈی کی تعیناتی اور اس کا بورڈآف ڈائریکٹرز فوری پر تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اورمعاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے اس حوالے سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کا مستقل ایم ڈی نہ ہونے کے باعث انتظامی حوالے سے بہت سے معاملات التوا کاشکار ہیں جبکہ سابقہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تحلیل ہونے کے بعد ادارے کے مالی امور کی انجام دہی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے،انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی میں ملازمین ہاوس ریکوزیشن میں اضافہ سے تاحال محروم ہیں جبکہ طے شدہ مراعات میں کٹوتی اور کئی دوسرے مالی مسائل کے باعث ان میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔
راحیل آصف خان نے کہا کہ پی ٹی وی ملک کی نظریاتی سرحدں کا محافظ ادارہ ہے۔اس کے معاملات کو بہتر کرنے کیلئے وزیراعظم ذاتی دلچسپی لیں تاکہ یہ ادارہ بہتر طریقے سے ملک وقوم کا تشخص اجاگر کرسکیں۔انہوں نے ادارے میں سابقہ ادوار میں ہونیوالی کرپشن fکا فرانزک آڈٹ کرانے اور ذمہ داروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

شیئرکریں