کومل رضوی کے”دیساں دا راجا“ نے ورلڈ میوزک کیٹیگری میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی۔

اس مقابلے میں 140ممالک سے 19,000گانوں کا اندراج کرایا گیا تھا،کومل رضوی کا گانا فاتح قرار پایا۔

لاہور(شوبزرپورٹر) کومل رضوی نے گزشتہ سال عید کے موقع پر ریلیز ہونے والے اوریجنل گانے ”او ہیلو جی“ اور اشتراک سے بنایا جانے والا گانا ”دیساں دا راجا“ نے گانوں کے بین الاقوامی مقابلے میں ورلڈ میوزک کیٹیگری میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی۔اس مقابلے میں 140ممالک سے 19,000گانوں کا اندراج کرایا گیا تھا جس میں کومل رضوی کے گانے کو سب سے زیادہ پسندیدہ قرار دے کر انہیں فاتح چن لیا گیا۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کومل رضوی نے کہا”اس ایوارڈ کا حصول میرے لئے انتہائی فخر کی بات ہے۔بین الاقوامی سطح پر میری محنت اور خدمات کو تسلیم کیا جانا یقینا میرے لئے باعث مسرت اور افتخار ہے۔میں نے دنیا بھر میں منعقد ہونے والے مقابلوں میں شرکت کرتی ہوں جو اس بات کا مظہر ہے کہ میوزک سے مجھے عشق ہے اوریہ میری رگوں میں دوڑتی ہے “۔ کومل رضوی پاکستان کی مشہور گانے لکھنے اور گانے والی فنکارہ‘ ٹی وی میزبان اور ایکٹر کے طور پر جانی جاتی ہیں۔انہوں نے بہت کم عمری میں ہی موسیقی کی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا لیا تھا۔انہوں نے اپنی خوبصورت آواز اور جاندار وڈیوز کے ذریعے موسیقی کے شائقین کے دلوں میں گھر کرلیا۔کومل رضوی نے اپنے کیرئیر کا آغاز گلوکاری سے کیا اور اب تک ان کے تین میوزک البم منظر عام پر آکر مقبولیت کی سند حاصل کرچکے ہیں۔ان کے گانوں میں کارنیٹو کے لیے گایا جانے والا انتہائی معروف گانا ”دیساں دا راجا“ اور کوک اسٹوڈیو سے شہرت پانے والا گانے ”دانے پہ دانا‘ لمبی جدائی‘ لال میری“ نے ان کی شہرت کو چار چاند لگادیئے۔کومل رضوی کے دیگر مشہور گانوں میں ”یہی پیار ہے‘ باؤ جی‘ چاہئے‘ دل ربا‘ توجو ملا‘ تو بہہ گیا‘ جبکہ میش اپ ”ہاؤ لونگ‘ پہلا پیار‘ مائی امورٹل اور اعتبار شامل ہیں۔ان کا تازہ ترین گانا ”ہیلو جی“میں معروف اداکار یاسر حسین جبکہ ”چٹا چولا“ شہرت حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے 2018میں معروف انڈین یوٹیوبر سدھارت سلاٹھیاکے ساتھ ایک ویڈنگ میش اپ بھی پیش کیا ہے۔کومل رضوی نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونی ممالک بشمول ناروے‘ کیلی فورنیا‘ اسکرامینٹو‘ہیوسٹن‘اوہائی‘اٹلانٹا‘نیوجرسی‘ ڈیلس‘ وینکووراور ٹورنٹو میں لائیو پرفارمنس کے ذریعے لوگوں کے دل موہ لئے ہیں۔انٹرنیشنل سونگ رائٹنگ کمپیٹیشن (ISC)ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو سال میں ایک مرتبہ گانوں کا مقابلہ منعقد کراتا ہے۔ اس کا مقصد گانوں کے لکھاریوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنے گانوں کو پہنچانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ آئی ایس سی سونگ رائٹرز کے میوزیکل ٹیلنٹ کو ہر درجہ پر فروغ دینے کے ساتھ سونگ رائٹرز کو آگے آنے میں معاونت کرتا ہے۔

شیئرکریں