فنکاروں گلوکاروں کا داتا دربار خود کش حملے پر اظہار افسوس،

لاہور(شوبزرپورٹر)گذشتہ روز داتا دربار کے قریب ہونے والے بم دھماکے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے فنکاروں اور گلوکاروں نے کہاکہ دہشت گردی ریاست کو کھلا چیلنج ہے جس کو نکیل ڈالنی ہوگی۔اداکارہ و گلوکارہ شاہدہ منی نے کہاکہ یہ دہشت گردی حکومت کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان ہے۔اداکار شان نے کہاکہ اس دہشت گردی کا شکار ناحق اور معصوم لوگ ہوئے ہیں جن کی شہادتوں پر ہر کوئی اشک بار ہے۔گلوکار اکرم راہی نے کہاکہ دہشت گردوں نے ماہ مقدس کا خیال بھی نہیں کیا۔گلوکار مظہرراہی نے کہاکہ حکومت اس واقعے کے ذمہ داروں کو جلد از جلد گرفتار کرے اور انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے انہو ں نے انسانیت کو اپنی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھایا ہے۔اداکارہ و ماڈل لائبہ خان نے کہاکہ یہ حملہ ریاست پر حملہ ہے اس کی فوری تحقیقات ہونی چاہیئں اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جانا چاہیئے۔قوال وگلوکاراستاد شیرمیاندادخان نے بزرگان دین کے مزارات کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی بھرپورمزمت کرتے ہیں اور سیکیورٹی اداروں و حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ مزارات کی سیکیورٹی کو مذید بڑھایاجائے۔اداکار وہدائتکارسکندرخان نے کہاکہ معصوم اور بیگناہ لوگوں کی شہادتوں پر دلی دکھ ہوا ہے اور جو زخمی ہوئے ہیں ان کے لیئے بھی دل رنج و الم سے بھر گیاہے۔فلمسٹار کائنات رانا نے اظہارافسوس کرتے ہوئے کہاکہ ظالم دہشت گردوں نے لاہور کے پرسکون امن کو دہلا دیاہے اس دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان دہشت گردوں کے خلاف فی الفور کاروائی عمل میں لائی جائے۔اداکارہ فرزانہ تھیہم نے کہاکہ حالیہ دہشت گردی ملک کا سکون تباہ کرنے کے لیئے کی گئی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اداکار و کامیڈین غفار لہر ی نے کہاکہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا انہوں نے ملک میں انتشار پھیلانا ہوتا ہے جس کا شکار بیگناہ اور معصوم لوگ بنتے ہیں حکومت کو ان کاروائیوں کو روکنے کے لیئے سخت انتظامات کرنے ہونگے تاکہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصدمیں کامیاب نہ ہو سکیں۔

شیئرکریں