پی ٹی وی لاہور کے شعبہ حالات حاضرہ کے سابق سربراہ افتخار مجاز انتقال کرگئے۔

عمر 65برس تھی ، پی ٹی وی کے ساتھ تین دہائیوں کے سفر میں کئی شہر ہ آفاق پروگرام کئے، متعدداینکرز متعارف کرائے

منفرد اسلوب کے شاعر ، کئی کتابوں کے مصنف اور قومی اخبارات میں کالم بھی لکھتے رہے
پی ٹی وی کے ایم ڈی ارشد خان اور انتظامیہ کی طرف سے دلی افسوس اور سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار

ادارے کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: جنرل منیجر پی ٹی وی لاہور سیف الدین

پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن لاہورمرکزمیں شعبہ حالات حاضرہ کے سابق سربراہ اور معروف براڈکاسٹر ، کالم نگار اور شاعرافتخار مجاز انتقال کرگئے ہیں ان کی عمر 65 تھی۔ وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور گذشتہ کچھ عرصے سے فالج کے حملے سے دوچار ہونے کے باعث شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں گذشتہ رات وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔انہوں نے پسماندگان میں چار بیٹیاں اور بیوہ چھوڑی ہے۔
افتخار مجاز کا شمار ملک کے معروف براڈکاسٹرز میں ہوتا ہے انہوں نے 1978میں پنجاب یونیورسٹی سے صحافت میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی اور 1982 میں پاکستان ٹیلی ویژن سے وابستہ ہوئے ۔وہ کچھ عرصہ پی ٹی وی لاہور میں تعلقات عامہ کے افسر بھی رہے۔ انہوں نے شعبہ حالات حاضرہ کے پروڈیوسر کے طور پر لاتعداد شہرہ آفاق پروگرام کئے اور کئی نئے ٹیلنٹ اوراینکرز کو متعارف کروایا۔ افتخار مجاز منفرد اسلوب کے حامل شاعراور کئی کتابوں کے مصنف بھی تھے ۔ افتخار مجاز مختلف قومی اخبارات میں کالم بھی لکھتے رہے جبکہ وہ تعلیمی اداروں میں ٹیلی ویژن براڈکاسٹنگ پر خصوصی لیکچر بھی دیتے تھے۔وہ 2012 میں پی ٹی وی سے ریٹائرڈ ہوئے ۔افتخار مجاز عارضہ قلب کے مریض تھے اور کچھ عرصہ پہلے ان پر فالج کا حملہ ہوا ۔ وہ لاہور کے شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ گذشتہ رات انتقال کرگئے۔
پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد خان نے افتخار مجاز کی وفات پر افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار اور مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے ۔، جنرل منیجر لاہور مرکزسیف الدین نے کہا ہے کہ افتخار مجاز کا شمار پی ٹی وی کے قابل پروڈیوسرز میں ہوتاتھا اور ان کی ادارے کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔، پی ٹی وی یونین کے عہدیداران ، انتظامیہ اور ملازمین نے بھی افتخار مجاز کے انتقال کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

شیئرکریں
  • 2
    Shares