ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل کے بارے میں بتایا، جنرل منیجر کی طرف سے ان کے حل کے لئے فوری احکامات
ریٹائرڈ ملازمین ہمارااثاثہ ہیں ان کو تمام سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے گی:جنرل منیجر
ملازمین کی مشکلات کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر جنرل منیجر کے شکر گذار ہیں: ریاض مسعود
پاکستان ٹیلی ویژن ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیرایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ریاض مسعود نے وفدکے ہمراہ پاکستان ٹیلی ویژن لاہور مرکز کے جنرل منیجر سیف الدین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف شعبوں سے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین شامل تھے۔
وفد نے ریٹائرڈ ملازمین کو درپیش مسائل خصوصا علاج معالجے کے حوالے پیش سے آنے والی مشکلات کے بارے میں بتایا۔ جنرل منیجر لاہور مرکز سیف الدین نے ان مسائل کے حل کے لئے متعلقہ ڈاکٹرز اور دسرے حکام کو فوری ہدایات جاری کیں۔ جنرل منیجر نے بتایا ریٹائرڈ ملازمین کو ادویات کی کریڈٹ پر فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے اور ان کے دوسرے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین ہمارا حقیقی اثاثہ ہیں ان کی شبانہ روز محنت کا ثمر ہے کہ پی ٹی وی آج ایک ممتاز مقام پر کھڑا ہے۔ اپنے ریٹائرڈ ملازمین کی فلاح و بہبود پی ٹی وی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔ریٹائرڈ ملازمین نے ادویات کی فراہمی کے لئے فارمیسی سٹورز کا دائر ہ وسیع کرنیکی ضرورت پر زور دیا جس پر جنرل منیجر نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پاکستان ٹیلی ویژن ریٹایرڈ ایمپلائز ویلفیرایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ریاض مسعود نے ریٹائرڈ ملازمین کی مشکلات کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لینے اور موقع پر احکامات جاری کرنے پر جنرل منیجر لاہور مرکز سیف الدین کا شکریہ ادا کیا۔