الحمرا ہال میں شیرمیاندادخان کی دھواں دار قوالی پرفارمنس نے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کردیا۔

فرحانہ مقصود اپنی ناقص گائیکی سے تنقید کا شکار بن گئیں،
گلوکاری کے سنجیدہ حلقوں کے مطابق انہیں اپنی اداکاری اورکمپئیرنگ کی طرف دھیان دینا چاہیئے۔

لاہور(شوبزرپورٹر)وزارت اطلاعات و ثقافت کی جانب سے الحمراء ہال نمبر1 میں منعقد کیئے جانیوالے ’’صوفی رنگ‘‘ میں بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال وموسیقار شیرمیاندادخان کی قوالی پرفارمنس نے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کردیا،اس شوکی کمپئیرنگ معروف اداکار توقیر نثار نے کی جبکہ شیرمیاندادخان کے ہمراہ اداکارہ و کمپئیر فرحانہ مقصود نے بھی گلوکاری کا مظاہرہ کیا۔معروف صوفی کوریوگرافر ایم فیاض کی صوفی پرفارمنس نے بھی حاضرین کو بے ساختہ داددینے پر مجبور کردیا۔قوال شیرمیاندادخان نے اپنی مشہور زمانہ قوالیاں سنا کر حاضرین کو محظوظ کیئے رکھا جبکہ گلوکارہ فرحانہ مقصود کی ناقص گائیکی پر میوزک کے سنجیدہ حلقوں نے انہیں ذبردست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ فرحانہ مقصود کو گلوکاری کی بجائے اپنی اداکاری اور کمپئیرنگ کی طرف توجہ دینی چاہیئے کیونکہ گلوکاری ان کے بس کی بات نہیں ہے۔ان حلقوں کا کہنا تھا کہ وزارت کو بھی دیکھنا چاہیئے کہ وہ ایسے گلوکاروں کی پرموشن کرنے کی بجائے اصل اور سر لے کو سمجھنے والے گلوکاروں کی پرموشن کریں کیونکہ ایسے بے سرے گلوکار ان کا حق مار رہے ہیں اس تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان تھے جنہوں نے تقریب سے خطاب بھی کیا۔

شیئرکریں