پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر (پِلاک) کے زیر اہتمام عالمٰی کانفرنس برائے امن و پنجابی کے تحت ایک شامِ موسیقی و ثقافتی پرفارمنس منعقد ہوئی

جس میں دنیا بھر سے آئے ہوئے مندوبین اور موسیقی کے دلدادہ افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مندوبین نے اس تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے پنجابی زبان، فن و ثقافت اور امن کے لئے پنجاب انسٹیٹیوٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ معروف گلوکار عذرا جہاں، انور رفیع، ملکو، ناصر بیراج اور سائرہ طاہر نے اپنے فن کا مظاہرہ کر کے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ مقبولِ عام فلم ’’ہیررانجھا‘‘ کے گانوں پر عابد علی، سولجر اور زوہا چودھری نے پرفارم کر کے خوب داد وصول کی۔ ڈائریکٹر جنرل پِلاک ڈاکٹر صغرا صدف نے اس موقع پر مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجابی زبان و ثقافت کے فروغ کے لئے پنجاب انسٹیٹیوٹ اس طرح کی تقاریب کا انعقاد مستقبل میں بھی کرتا رہے گا تاکہ نوجوان نسل کو پنجاب کی زبان، فن و ثقافت سے روشناس کرایا جاسکے۔ تقریب میں فخر زمان، بابا نجمی، ونتیا سنگھ، سبچ مانگٹ، گروبجن سنگھ گِل، ڈاکٹر دیپک من موہن، افضل ساحر، خاقان حیدر غازی اور ڈاکٹر صغرا صدف نے اظہار خیال کیا۔ ہندوستان، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور دیگر ممالک سے مندوبین نے اپنے بہترین سواگت پر اہلِ لاہور کا جی بھر کے شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے پاکستان حکومت کی ان کاوشوں کی بھی تعریف کی جن کے تحت کرتار پور کی راہداری کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے اور وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر شرکاء کو ننکانہ جانے کی اجازت دی گئی جن پر انھوں نے حکومت کے لئے دُعائے خیر کی اور امن کے لئے سکھوں کی طرف سے ہر ممکن کاوشوں کا یقین دلایا۔ پِلاک کی طرف سے کی جانے والی پنجابی زبان کی ترقی کی کوششوں کو بھر پور سراہا گیا۔

شیئرکریں