مظہرراہی’’کون بنے گا سپرسٹار‘‘ کے جج بن گئے۔

پاکستان میں ٹیلنٹ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے مگر مناسب پلیٹ فارم نہ ہونے کی وجہ سے یہ ٹیلنٹ ضائع ہو رہاہے۔مظہرراہی

لاہور(شوبزرپورٹر)بین الاقوامی شہرت یافتہ بھنگڑا سٹار مظہرراہی میوزک مقابلہ ’’کون بنے گا سپر سٹار‘‘کے جج بن گئے،تفصیلات کے مطابق میپل لیف سیمنٹ کمپنی نے پاکستان کے مختلف شہروں سے گلوکاری میں اپنا نام بنانے کے خواہشمند نئے گلوکاروں کے لیئے’’کون بنے گا سپرسٹار‘‘ کے نام سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا ہے جس کے قصور،لاہور،سرگودھا،فیصل آباد و دیگر شہروں میں مقابلہ جات رکھے گئے ہیں ان مقابلوں کو جج کرنے کے لیئے پاکستان کے سپرسٹارز کو بطور جج لیا گیا ہے جن میں مظہرراہی،ابرارلحق ،شبنم مجید و دیگر گلوکار شامل ہیں مظہرراہی ابتک لاہور ، قصور اور سرگودھا میں ہونیوالے مقابلوں میں بطور جج شرکت کر چکے ہیں اور ہزاروں نوجوانوں میں سے بہت سارے اچھا گانے والوں کو منتخب کر چکے ہیں۔آرگنائزنگ کمیٹی نے بھی مظہرراہی کے معیار کو سراہا ہے اور سیمی فائنل و فائنل کے لیئے بھی ان کا نام بطور جج منتخب کر لیا ہے اس پروگرام میں جیتنے والے نئے گلوکار کو پانچ لاکھ کا انعام دیا جائیگا۔اس پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ ان مقابلوں میں مزدوروں اور غریب ہنر مندوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں گلوکاری کا فن موجود ہے اور وہ وسائل کی کمی کے باعث آگے نہیں آسکتے ان مقابلوں میں حصہ لینے والے امیدواروں کو ایک ہزار روپے نقد بھی دئیے جارہے ہیں تاکہ ان کی دیہاڑی نہ ضائع ہو سکے جیتنے والے امیدوار کے گانے ریکارڈ کرنے کے ساتھ ساتھ اسے کمپنی کی طرف سے پانچ لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا جائیگا۔ایک ملاقات کے دوران مظہرراہی نے بتایاکہ سیمنٹ کمپنی نے یہ بہت اچھا قدم اٹھایا ہے ان مقابلوں میں شریک ہو کر پتہ چلاہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے مگر مناسب پلیٹ فارم نہ ہونے کی وجہ سے یہ ٹیلنٹ ضائع ہو رہاہے۔مظہرراہی نے مذید کہاکہ ہم نے ان شہروں سے بہترین ٹیلنٹ ہنٹ کیا ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ نوجوان اپنے فن کی بدولت اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔

شیئرکریں