ہمیں مخصوص تہواروں سے نکل کر عام دنوں کے لیے فلم بنانا ہوگی – خرم ریاض

فلمساز خرم ریاض نے کہا ہے کہ ہمیں مخصوص تہواروں سے نکل کر عام دنوں کے لئے فلمیں بنانے پر توجہ دینا ہوگی ۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت زیادہ تر فلم میکر عیدالفطر اور عیدالضحی کو ذہن میں رکھ کر فلمیں بنارہے ہیں جبکہ عام دنوں میں وہ فلم کو ریلیز کرنا آج بھی رسک ہی خیال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اچھی فلم کے لئے کوئی مخصوص دن یا تہوار نہیں ہوتا،ہمیں اپنی اس سوچ کو بدل کر مستقبل کے بارے میں جامع پلاننگ کرنے کی ضرورت ہے۔ تبھی ہم بولی وڈ کیساتھ بین الاقوامی مارکیٹ میں رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ خرم ریاض نے کہا کہ رواں سال اورینٹل فلمز کے بنیر تلے چار فلمیں شروع کی جائینگی جن کا پیپرورک مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ ان دنوں میوزک بھی آخری مراحل میں ہے۔خرم ریاض نے کہا کہ معاملات کو حتمی شکل دینے کے لئے اسلام آباد گیا ہوا تھا جہاں سے گذشتہ روز ہی واپس آیا ہوں اور ماہ فروری کے دوسرے ہفتے میں مذکورہ فلموں کے حوالے سے پریس کانفرنس کی جائیگی جس میں فلم کی ٹیم سمیت شوٹنگ کے بارے میں میڈیا بریفنگ دی جائیگی۔

شیئرکریں
  • 89
    Shares