
پاکستا ن ٹیلی ویژن کے لانگ پلے ایک مرتبہ پھر دھوم پچانے کے لئے تیار
عزت کے نام پر قتل کے موضوع پر بننے والے اس پلے میں حیدر سلطان اور عثمان راج مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں
لاہور سمیت تمام مراکز سے لانگ پلے کئے جارہے ہیں، بہت جلد نشر کئے جائیگے: سیف الدین
پاکستان ٹیلی ویژن کے طویل دورانیہ کے ڈرامے اس اہم قومی ادارے کا خاصا رہے ہیں۔ یہ لانگ پلیز خوبصورت کہانیوں، معیاری پروڈکشن اور اداکاری کے باعث بے حد پسند کئے جاتے تھے جن میں معاشرے کے اہم معاشرتی موضوعات کو موضوع بنایا جاتا۔۔۔ پی ٹی وی کے ناظرین آج بھی ان لانگ پلیز کے سحر میں ہیں یہی وجہ ہے کہ پی ٹی وی نے ایک مرتبہ پھر لانگ پلیز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں تمام مراکز سے طویل دورانیہ کے پروگرامز کی ریکارڈنگ جاری ہے۔
پی ٹی وی لاہور مرکز سے نوے منٹ دورانیہ کا لانگ پلے اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔میں وہ اور میں کے پروڈیوسر مطلوب بلوچ ہیں جبکہ اسکے رائیٹر ریاض احمد ریاض ہیں جبکہ کاسٹ میں حیدر سلطان عثمان راج عمارہ بٹ سا معہ بٹ اور دیگر شامل ہیں ۔ اس لانگ پلے کی کہانی ایک اہم دیہی مسئلے Honor Killing پر مشتمل ہے جس میں ایک نوجوان اپنی بہن کو عزت کے نام پر قتل کرتا ہے۔۔۔ اب والدین اپنے بیٹے کو بچانے کے لئے اپنی بیٹی کے قتل کو خود کشی کا رنگ دینا چاہتے ہیں۔ ایک طرف بیٹی کا قتل اور دوسری طرف پھانسی گھاٹ کی طرف جاتا ان کا بیٹا۔۔۔۔
لانگ پلے ناظرین کو شروع سے آخر تک اپنے سحر میں رکھے گا،جس میں سلطان راہی کے صاحبزادے حیدر سلطان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ایک لانگ پلے کا ایک اور خاص پہلو اس کے مکالمے ہیں جن میں رائیٹر نے معاشرتی اقدار کی خوبصورت انداز میں عکاسی کی ہے۔۔۔
پاکستان ٹیلی ویژن لاہور مرکز کے جنرل منیجر سیف الدین نے بتایا کہ لاہور کے ساتھ ساتھ کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاورسے بھی لانگ پلے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور بہت جلد یہ پی ٹی وی ہوم کی سکرین پر جلوہ گر ہونگے۔
انجم شہزاد