اورینٹل فلمز کے بنیر تلے بننے والی کامیڈی میوزیکل اردو فلم ”جیک پاٹ“ گیارہ جنوری کو ملک بھرکے
سینماﺅں میں ری ریلیز کی جارہی ہے جس کی کاسٹ میں اداکار نور حسن،صنم چوہدری ،ثناءفخر، عدنان شاہ ٹیپو، عنایت خان، اسماعیل تارا، ساجن عباس ، ریحانہ ملہوترا اور جاوید شیخ شامل ہیں جبکہ اداکارہ زارا شیخ، جان ریمبو، سنگیتا، محمود اسلم، افتخار ٹھاکر، میرا مہمان اداکار ہیں ۔فلم کے رائٹر بابر کشمیری، موسیقار نوید واجد علی ناشاد ،ہدایتکار شعیب خان اور پروڈیوسر خرم ریاض ہیں۔ فلمساز خرم ریاض نے بتایا کہ یہ پہلی پاکستانی فلم ہے جس کی شوٹنگ اور گانے ’ہے نیا نیا“ اور”شکریہ ، شکریہ “ تھائی لینڈ کے فوکھٹ جزیرہ اور جیمز بانڈ آئی لینڈ میں فلمائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فلم کی دوبارہ نمائش کا فیصلہ فلم بینوں کی پسندیدگی کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے کیونکہ جب چھ جولائی کو ریلیز کی گئی تو اس وقت ملکی سیاسی حالات آڑے آگئے۔ انہوںنے کہا کہ اس حوالے سے سینما مالکان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہونگا کہ جنہوں نے فلم کی دوبارہ نمائش کرنے کے حوالے سے بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں۔ خرم ریاض نے کہا کہ فلم کا ٹریلر تمام سینماﺅں میں دکھایا جارہا ہے اورسوشل میڈیا پر فلم لورز کی طرف سے بھی اچھا رسپانس مل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ فلم کی نمائش کے فوری بعد نئے میگا فلم پراجیکٹ پر کام شروع کردینگے جس کے سکرپٹ سمیت دیگر معاملات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔