اے پلس کی ڈرامہ سیریل’’حور پری‘‘پہلی قسط سے ہی عوام کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب

ڈرامہ سیریل معاشرتی موضوع پر ہے، جس کی ڈائریکشن اشعر اصغر نے دی ہے، جو اس سے پہلے بہت سے شاہکار ڈرامے ناظرین کے لیئے بنا چکے ہیں

ڈرامہ کی پہلی قسط گزشتہ دنوں ساری ٹیم نے مل کر دیکھی

اشعراصغر کی ڈائریکشن میں بنائی گئی ڈرامہ سیریل ’’حورپری‘ ‘کی پہلی قسط نجی ٹی وی سے نشر کی گئی جسے ناظرین نے بہت پسند کیا۔ڈائریکٹر نے کاسٹ اور دیگرسٹاف کے ساتھ مل کر پہلی قسط دیکھی۔ڈرامے کی پہلی قسط میں دکھایا گیا ہے کہ ٹائٹل رول کرنے والی اداکارہ ثمن انصاری بیوہ ہے جو اپنی دو جوان بیٹیوں عمارہ بٹ اور علیزے شاہ کے ساتھ رہتی ہے۔ دوجوان بیٹیوں کے باوجود ثمن انصاری کا شمار خاندان کی خوبصورت عورتوں میں ہے جس کی وجہ سے خاندان کے کئی مردنہ صر ف اسے دل ہی دل میں پسند کرتے ہیں بلکہ اس کے قریب رہنے کی کوششوں میں بھی مصروف رہتے ہیں جبکہ کچھ لوگوں کی نظران کی بیٹیوں پر بھی ہے۔دوسری طرف ان کی قریبی رشتہ دارنادیہ افگن نے تیزطراراور زبان درازقسم کی عورت کا کردار کیا ہے۔جسے یہ بات کسی طرح بھی پسند نہیں کہ ان کا شوہر یا بیٹا اس خاندان کے قریب بھی آئے۔سالگرہ کی تقریب میں نادیہ افگن اس فیملی کو صرف اس وجہ سے خوب باتیں ہی نہیں سناتی بلکہ الزامات کی بوچھاڑ بھی کردیتی ہے کہ اس کا شوہر سلیم شیخ انہیں گھر سے گاڑی میں کیوں لے کر آیا ہے۔نہ صر ف ماں بلکہ بیٹیوں کو بھی رشتہ داروں کے ہاتھوں اپنی تذلیل کا بری طرح احساس ہوتا ہے۔اس موقع پر چھوٹی بیٹی علیزے شاہ کا ڈائیلاگ’ابو کو اتنی جلد ی مرنا نہیں چاہیئے تھا،امی کو اتنا خوبصورت نہیں ہونا چاہیئے تھا،ہم دونوں بہنوں کو پیدا ہی نہیں ہونا چاہیئے تھا‘اس فیملی کی مشکلات سمجھنے کے لئے کافی تھا اور یہی وہ وقت تھا جب رائٹراور ڈائریکٹر نے ناظرین کی ہمدردیاں خوب اچھے طریقے سے سمیٹیں۔اور کسی بھی ڈائریکٹر کے لئے یہ بہت ضروری ہوتا ہے جس میں اشعر اصغرہمیشہ کی طرح کامیاب رہے۔ اس موقع ہر علیزے شاہ اور عمارہ بٹ کے تاثرات اور آنسو ناظرین کو رنجیدہ کرنے کے لئے کافی تھے۔حسیب خان نے نادیہ افگن کے بھائی جبکہ فرح طفیل نے ان کی بیوی کا کردار کیا ہے۔ڈرامے کے رائٹر کے رحمن،پروڈیوسر مبشرحسن،ڈی اوپی راشدعباس،بیک گراؤنڈسکورعرفان چوہدری اورگلوکار بینا اور ساحرعلی بگا ہیں۔

شیئرکریں