مسلم ہینڈز کے سرپرست معروف روحانی شخصیت پیر سید لخت حسنین نے استقبال کیا
رپورٹ، انجم شہزاد
ڈاکٹر صغرا صدف نے معروف شاعر اور سماجی شخصیت احسان شاہد کے ہمراہ نوٹنگم میں عالمی شہرت کی حامل فلاحی تنظیم مسلم ہینڈز کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ مسلم ہینڈز کے سرپرست اور روحانی شخصیت پیر سید لختِ حسنین نے ان کا استقبال کیا اور انھیں پھول پیش کئے۔ انھیں ایڈمن بلاک اور دیگر شعبوں کا وزٹ کرایا اور سٹاف کا ان سے تعارف کرایا گیا۔ بعدازاں کانفرنس روم میں عملے کے ارکان نے اپنے اپنے شعبے کے حوالے سے مسلم ہینڈز کی کار کردگی پر روشنی ڈالی۔ مسلم ہینڈز کے سر پرست نے بتایا کہ مسلم ہینڈز دنیا کے کئی ممالک میں اپنے فلاحی کام سرانجام دے رہی ہے۔ پاکستان میں وہ تعلیم کے حوالے سے زیادہ سر گرم ہے۔ علاوہ ازیں کسی بھی آفت کے موقع پر مسلم ہینڈز سب سے آگے ہوتی ہے۔ ڈاکٹر صغرا صدف نے پیر سید لختِ حسنین کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مسلم ہینڈز جیسی تنظیمیں دنیا میں پاکستانیوں کا وقار بلند کر رہی ہیں۔ پیر سید لختِ حسنین ایک دردِ دل رکھنے والے انسان ہیں وہ نیک نیتی سے اپنے مشن کی تکمیل میں کوشاں ہیں۔ خدا انھیں کامیابی عطا کرے۔ وہ اسی طرح خدمت خلق کو اپنا مقصدِ حیات بنائے رکھیں۔