’’ پروازہے جنون‘‘ سعودی عرب میں کمرشل سطح پر ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی۔

رپورٹ، انجم شہزاد

مومنہ اینڈدرید فلمز کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پر پاکستان ائیرفورس پر بنائی گئی فلم پرواز ہے جنون ابھی تک مقامی اوربین الاقوامی باکس آفس پر کامیابی سے نمائش کامیابی سے جاری ہے ۔اس فلم کو دنیا بھر کے شائقین کی جانب سے انتہائی سراہا گیا جبکہ اس موضوع پر بننے والی پاکستانی فلموں میں پرواز ہے جنون نے سابقہ تمام ریکارڈز توڑ دیئے ۔اب پرواز ہے جنون نے سعودی عرب میں کمرشل سطح پر ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔اس موقع پر ہم فلمز کی جانب سے ووکس سینما ریاض پارک مال میں ایک خصوصی پریمئرشو کا اہتمام کیا گیا جس میں فلم کے مرکزی کرداروں حمزہ علی عباسی‘ ہانیہ عامر ‘ سعودی عرب کے کلچر اینڈ انفارمیشن عزت مآب ڈاکٹر اوادایس الاود ‘ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عزت مآب نوف سعید بن الملکی‘ پاکستانی سفیر عزت مآب وائس ایڈمرل ریٹائرڈ خان حشام بن صدیق‘ ایڈوائزر ٹو منسٹر انفارمیشن فہیم بن حمید الخالد ‘ جنرل اتھارٹی فار آڈیو ویژول میڈیا کے چیف ایگزیکٹو جناب بدر الزہرانی ‘ محرمہ حبا فواد ‘ وفاقی وزیر مملکت زرتاج گل ‘ ایم این اے کنول شازب‘ ایم این اے جویریہ ظفر ‘ ووکس سنیما کے سی ای او جناب محمد الہاشمی اور ہم نیٹ ورک کے سی ای او دُرید قریشی نے شرکت کی ۔شرکاء نے فلم کے خوبصورت ویژولز ‘ پاکستان کے قدرتی مناظر ‘ سحرانگیز اسکرپٹ کو ایکشن ‘ تھرل اور رومانس کا بہترین امتزاج قرار دیا۔شرکاء نے پرواز ہے جنوں کو سعودی عرب میں پاکستانی فلموں کے متعارف کرانے کے حوالے سے ایک بہترین فلم قرار دیا۔سعودی عرب میں ہمسفر اور زندگی گلزار سمیت دیگر پاکستانی ڈارموں کو انتہائی پذیرائی حاصل ہوئی ‘اسی لئے یہ سمجھا جارہا ہے کہ پاکستانی فلموں کے حوالے سے ایک بہترین مارکیٹ بننے کا قوی امکان موجود ہے ۔پرواز ہے جنون کی کمرشل ریلیز ایک تاریخی حیثیت رکھتی ہے کیوں کہ اس فلم کے ذریعے ہماری اُبھرتی ہوئی فلم انڈسٹری کو ایک نئی مارکیٹ ملی ہے جو کسی بھی فلم انڈسٹری کے فروغ کیلئے انتہائی ضروری ہوتا ہے۔پرواز ہے جنون اگلے ہفتے سے سعودیہ عرب کے شائقین کیلئے سینما گھروں میں ریلیز کر دی جائے گی۔مومنہ اینڈ دُرید فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کی کہانی فرحت اشتیاق کی تحریر کردہ ہے جبکہ فلم کی کاسٹ میں حمزہ علی عباسی ‘ ہانیہ عامر ‘ احد رضا میر‘ شاز خان ‘ کبری خان‘ شفاعت علی خان ‘ آصف رضا میر ‘ حنا بیات خواجہ‘ مرینہ خان ‘ سعد قاضی و دیگر شامل ہیں۔فلم کی ہدایت کاری حسیب حسن کی ہے جبکہ یہ فلم ہم فلمز کے بینر تلے عید الاضحی پر دنیا بھر کے سینماؤں میں ریلیز کی گئی تھی۔

شیئرکریں